اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری حسین ابراہیم طہٰ نے عالمی فریقوں سے اسرائیلی جارحیت بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ اور فلسطینی عوام کے لیے بین الاقوامی تحفظ اور فوری امدادی مہم چلانے پر زور دیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے بین الاقوامی فریقوں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کے عہدیدار، ریڈ کراس کے سربراہ اور اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے نام خطوط تحریر کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت جاری ہے۔ اسے بند کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں
سیکریٹری او آئی سی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے، بنیادی اشیائے ضرورت مہیا کرنے اور ہنگامی انسانی امداد بھیجنے کا اہتمام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں سے اب تک 7 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور 16 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔
اسرائیل رہائشی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے پر دانستہ حملے کر رہا ہے۔ لاکھوں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی جا رہی ہے۔ یہ سب بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔