رہنما مسلم لیگ ن میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف پر لگے تمام الزامات غلط ثابت ہوئے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو فاسٹ ٹریک انصاف مل رہا ہے۔ جو یہ کہہ رہے ہیں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ نواز شریف کی کوئی آف شور کمپنی نکلی ہے یا ان پر کرپشن کا کون سا الزام ثابت ہوا ہے؟
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جب بھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاتا ہے تب نواز شریف کو نکال لیا جاتا ہے۔ اب دوبارہ پاکستان کو ان کی ضرورت پڑی ہے تو وہ پاکستان آئے ہیں اور جس مقصد کے لیے آئے ہیں اللہ ان کو کامیابی عطا کرے گا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ہم سے پوچھا جا رہا ہے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ کدھر گیا۔ ہم اپنے آئین کا تحفط چاہتے ہیں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، یہی ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کو ہمیشہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ماضی میں مسلم لیگ ن اور پوری قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا۔ نواز شریف کو نا اہل کرکے معیشت کو ڈبویا گیا، اب اسی معیشت کو ٹھیک کرنے دوبارہ نواز شریف وطن آئے ہیں۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ سوشل میڈیا ٹیموں کے ذریعے ہمیں چور اور ڈاکو کے لقب دلوائے گئے، ایک پارٹی نے ملک میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کی۔ ہماری اوپر طرح طرح کے الزامات لگائے کیسز بنائے اور آج خود ہی بھگت رہے ہیں۔