کرکٹ ورلڈ کپ کا 29 واں میچ، بھارت اور انگلینڈ آج آمنے سامنے

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے حصے میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ شروع چکا ہے۔ شائقین کرکٹ پہلے 25 میچوں میں کوئی بھی کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں ناکام رہے تھے لیکن پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سنسنی خیز میچ نے رواں ورلڈ کپ میں جان ڈال دی تو گزشتہ روز آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میچ نے ورلڈ کپ کا مزہ دوبالا کر دیا۔

میزبان بھارت کی ٹیم رواں ورلڈ کپ کے دوران بھرپور فارم میں ہے اور ابھی تک ناقابل شکست ہے۔ بھارت نے اب تک ہونے والے تمام میچز میں ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ابھی تک روایتی حریف پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش کو بھی شکست دے چکی ہے۔

دوسری جانب دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کی ٹیم کو ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے سیمی فائنل سپاٹ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا تھا لیکن ان کی اب تک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ انگلینڈ نے اسکواڈ میں شامل 15 کھلاڑی آزما لیے لیکن کوئی فارمولا کام نہ آیا، حالانکہ انہوں نے اپنا نائب کپتان 4 میچوں میں نہیں کھلایا لیکن نتائج ان کے حق میں نہیں آ سکے اور یہی وجہ ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نچلے نمبروں پر دکھائی دیتی ہے اور کوئی معجزہ ہی ان کو سپر فور مرحلے تک لے جا سکتا ہے۔

آئی سی سی میینز ون ڈے ورلڈ کپ کا 29واں میچ آج بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے بھارتی شہر لکھنئو کے رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

بھارت کی ٹیم نے اب تک 05 میچز کھیل کر تمام میچز جیتے ہیں اور ناقابل شکست ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے اب تک صرف ایک کامیابی حاصل کی ہے۔

بھارت نے آسٹریلیا، افغانستان، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست دی جبکہ انگلینڈ کو افغانستان، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے۔ انگلینڈ نے رواں ورلڈ کپ میں واحد کامیابی بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں حاصل کی ہے۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

بھارت اور انگلینڈ نے ایک دوسرے کے خلاف اب تک 106 ایک روزہ میچز کھیلے ہیں جن میں سے بھارت نے 57 اور انگلینڈ نے 44 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

آئی سی سی میںز ون ڈے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے مابین 8 میچز ہوئے جن میں سے انگلینڈ نے 4 اور میزبان بھارت نے 3 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا۔

پچ رپورٹ

ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم  لکھنئو کی پچ بولرز کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔ اس پچ پر کھیلے گئے آخری 10 ایک روزہ میچز میں پہلے بلے بازی کرنے والی ٹیموں کا اوسط اسکور 262 رنز ہے۔

اس گراؤنڈ پر رواں ورلڈ کپ کے اب تک 3 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ اسکور 311 جبکہ سب سے کم اسکور 177 رنز ہیں۔

بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپئی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم، لکھنو (بھارت)

آج کے میچ میں استعمال ہونے والی پچ کو سرخ مٹی سے تیار کیا گیا ہے جو کہ فاسٹ اور اسپن دونوں کے لیے مددگار ثابت ہو گی۔

موسم کی صورتحال

لکھنئو میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے او ہوا میں نمی کا تناسب 29 فیصد رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

آئی سی سی میںز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے 28 میچ مکمل ہونے کے بعد میزبان بھارت کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 02 پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم 10 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے اگر بھارت نے آج کے میچ میں انگلینڈ کو شکست دے دی تو وہ ٹاپ پوزیشن پر آ جائے گی۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، گس اٹکنسن، جونی بیرسٹو، سیم کرن، لیام لیونگسٹون، ڈیوڈ مالان، عادل رشید، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، ریس ٹوپلی، ڈیوڈ ولی، مارک ووڈ، کرس ووکس۔

بھارت کا اسکواڈ

روہت شرما (کپتان)، ہارڈک پانڈیا ، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، رویندرا جدیجا، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، کلدیپ یادو، محمد شامی، روی چندرن ایشون، ایشان کشن، سوریا کمار یادیو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp