روسی خاتون نے ’لے پالک‘ بیٹے سے شادی کرلی

اتوار 29 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

’میں نے 14 سال کی عمر سے پرورش کرنے کے بعد اپنے 22 سالہ گود لیے ہوئے بیٹے سے شادی کرلی ہے، چائلڈ ویلفیئر حکام میرے دیگر 5 بچوں کو مجھ سے دور لے گئے ہیں۔‘

برطانوی جریدے ڈیلی میل کے مطابق روس کے شہر تاتارستان سے تعلق رکھنے والی 53 سالہ ایسیلو چیزیوسکایا منگلیم نے 22 سالہ ڈینیئل چیزیوسکی کے ساتھ شادی کرکے بچوں کی فلاح و بہبود کے ماہرین کو حیران کردیا ہے۔ وہ ڈینیئل سے پہلی بار اس وقت ملی جب وہ صرف 13 سال کا تھا، اس یتیم خانے میں ایسیلو میوزک ٹیچر کے طور پر کام کرتی تھی۔

یتیم خانے مین ملاقات کے بعد ایسیلو نے ڈینیئل کو گود لیا اور 14 سال کی عمر سے اس کی پرورش کی لیکن 8 سال بعد دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے، جس کے بعد چائلڈ ویلفیئر حکام نے ایسیلو کے دیگر گود لیے گئے 5 بچوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

ایسیلو اور اس کے گود لیے بیٹے ڈینیئل نے گزشتہ ہفتے کازان کے ایک ریستوراں میں منعقدہ تقریب میں شادی کی تھی۔ ایسیلو نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ ’ہمارا رشتہ کامل ہے، ہم ایک دوسرے کے بغیر نہیں رہ سکتے، ہم دونوں ہم خیال اور خوش ہیں۔‘

چائلڈ ویلفیئر حکام نے ایسیلو کے دیگر 5 گود لیے گئے بچوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جن میں ایک لڑکا اور 4 لڑکیاں شامل ہیں۔ ایسیلو نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے، وہ چاہتی ہیں کہ بچے دوبارہ اس کی دیکھ بھال میں آئیں، تاکہ وہ سبھی ماسکو چلے جائیں۔ سابق میوزک ٹیچر کا خیال ہے کہ یہ خاندان روسی دارالحکومت میں زیادہ آزادانہ طور پر رہ سکے گا۔

ڈینیئل 13 برس کی عمر مین پہلی بار اپنی میوزک ٹیچر ایسیلو سے ملا تھا

ایسیلو کی پہلی شادی سے بھی ایک بیٹا ہے، تاہم وہ اس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی۔ سابق میوزک ٹیچر کے بچوں گود لینے کا سلسلہ تاتارستان ٹی وی اسٹیشن کے ساتھ ایک فلم پروجیکٹ کے دوران یتیم بچوں کے ساتھ روابط میں آنے کے بعد شروع ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp