کرکٹ ورلڈکپ 2023: افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 30 ویں میچ میں  افغانستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایک اور اَپ سیٹ کیا ہے، افغانستان نے سری لنکا کے 242 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

سری لنکا کے 241 رنز کے تعاقب میں افغانستان کے اوپنر بیٹر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں رحمان اللہ گرباز صفر پر کلین بولڈ ہو گئے، انہیں مادھوشنکا نے اوور کی چوتھی گیند پر ہی بولڈ کر دیا، تب ایسا لگتا تھا کہ افغانستان مشکلات سے دوچار ہو گا، لیکن رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمرزئی کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان مقررہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

افغانستان کی دوسری وکٹ  73 کے مجموعی اسکور پر گری جب ابراہیم زدران 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنا کر مدھوشنکا کی گیند پر 3 دیموتھ کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، تیسری وکٹ 131 کے مجموعی اسکور پر گری جب رحمت شاہ 7 چوکوں کی مدد سے 74 گیندوں پر 62 رنز بنا کر راجتھا کی گیند پر دیموتھ کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمرزائی کی شاندار شراکت داری ہوئی دونوں نے افغانستان کو کامیابی دلائی، حشمت اللہ شاہدی نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 گیندوں پر 58 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے اسی طرح عظمت اللہ عمرزئی نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا، انہوں نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

سری لنکا کی طرف سے دلشان مدھوشنکا نے سب سے عمدہ بولنگ کروائی، انہوں نے اپنے 9 اوورز میں 48 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کاسن راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان گروپ اسٹیج کے میچوں میں اپنے 6 میچوں میں سے 3 میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 5 پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 30 ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا ، سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.3 اوورز میں 241 رنز اسکور کیے اور اس کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

 بھارتی شہر پونے میں واقع مہاراشٹرا کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے 30 واں میچ افغانستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان کوشل مینڈیس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 22 کے مجموعی اسکور پر گری جب دیموتھ کرونارتنے محض 15 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 84 کے مجموعی اسکور پر گری جب پاتھوم نسانکا 46 رنز بنا کر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند پر رحمان اللہ گرباز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 134  کے مجموعی اسکور پر گری جب کوسل مینڈس 39 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر نجیب اللہ زدران کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی چوتھی وکٹ 139  کے مجموعی اسکور پر گری جب سدیرا سماراوکرما 36 رنز بنا کر مجیب الرحمان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 167  کے مجموعی اسکور  پر گری جب دھننجیا ڈی سلوا 14 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی چھٹی وکٹ 180  کے مجموعی اسکور پر گری جب چریتھ اسالانکا 22 رنز بنا کر فضل الحق کی گیند پر راشد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ساتویں وکٹ 185 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب دوشمان چمیرا محض ایک رنز بنا کر ابراہیم زدران کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 230  کے مجموعی اسکور پر گری جب مہیش تھیکسنا 29 رنز بنا کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ نویں وکٹ 239  کے مجموعی اسکور پر گری جب اینجلو میتھیوز 23 رنز پر فضل حق فاروقی کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی (کاسون راجیتھا تھے، انہوں نے 5 رنز بنائے اور رحمان اللہ گرباز کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان کی طرف سے سب سے عمدہ بولنگ فضل حق فاروقی نے کی انہوں نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 34 رنز دے کر سری لنکا کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مجیب الرحمان نے 2 جب کہ عظمت اللہ عمرزئی اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان اور سری لنکا سیمی فائنل کھیلنے کے خواب کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے اپنے گزشتہ میچوں میں اعلیٰ درجے کی ٹیموں کو شکست دی ہے ۔

افغانستان اور سری لنکا لیگ مرحلے کے آخری 4 میچوں میں سے 3 میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا موقع حاصل کر سکتی ہیں۔ لیکن ان 4 میچوں میں سے افغانستان کا مقابلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ سری لنکا کو اب بھی بھارت اور نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔

بنگلہ دیش کے ہاتھوں ابتدائی شکست سے افغانستان کو نقصان پہنچا ہے لیکن انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف تاریخی کامیابیوں نے افغانستان کی امیدوں کو نئی زندگی بخشی ہے۔

سری لنکا کو جنوبی افریقہ، پاکستان اور آسٹریلیا سے شکستوں نے بظاہر ٹورنامنٹ میں رہنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا لیکن نیدرلینڈز اور اس سے بھی زیادہ متاثر کن طور پر انگلینڈ کے خلاف جیت نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے۔

دونوں ٹیموں نے گزشتہ ایک سال کے دوران 6 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں۔ سری لنکا نے ان میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ افغانستان کو اپنے آخری میچ کے بعد سے 6 دن کا وقفہ ملا ہے۔ ٹیم میں نور احمد کی جگہ فضل الحق فاروقی کی واپسی کا امکان ہے۔

افغانستان ٹیم

رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی( کپتان)، عظمت اللہ عمرزئی، اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

سری لنکا کو ایک اور جھٹکا لگا جب انگلینڈ کے خلاف میچ کے بہترین کھلاڑی لاہیرو کمارا انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ ان کی جگہ دشمنتھا چمیرا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو خود انجری سے واپس آ رہے ہیں اور امکان ہے کہ وہ براہ راست ٹیم میں آئیں گے۔ ادھر کوشل پریرا کی فارم گزشتہ کچھ عرصے سے تشویش کا باعث ہے اور ان کی جگہ دیموتھ کرونارتنے کو ٹاپ آرڈر میں شامل کرنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

سری لنکا ٹیم

دیموتھ مینڈس (کپتان)، پاتھوم نسانکا، کوشل پریرا/ دیموتھ کرونارتنے، سدیرا سماراوکرما، چریت اسلانکا، دھننجیا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، مہیش تھیکشانا، کاسن راجیتھا، دشمنتھا چمیرا اور دلشان مدوشنکا۔

پچ اور موسم کی صورتحال

حالیہ دنوں میں اسٹیڈیم میں زیادہ اسکور کا رجحان دیکھا گیا ہے، لیکن اسپنرز کے لیے بھی کچھ مدد ملتی ہے، جس سے دونوں ٹیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ شام کو اوس فیکٹر بھی میچ کا حصہ ہوگا اس لیے ٹاس ہمیشہ کی طرح اہم ثابت ہوگا۔

آج کیا ریکارڈز بن سکتے ہیں؟

نسانکا کے 296 رنز افغانستان کے خلاف کسی بھی سری لنکن بلے باز کی جانب سے بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ یہ کسی ایک ملک کے خلاف ان کا سب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔ حشمت اللہ شاہدی 2000 ون ڈے رنز تک پہنچنے سے 57 رنز دور ہیں۔ سدیرا سماراوکرما ون ڈے میں 1000 رنز بنانے سے 90 رنز پیچھے ہیں۔

آخری میچ کے بعد سے 6 دن کا آرام ٹیم کو اچھی پوزیشن میں رکھے گا، حشمت اللہ شاہدی

افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ 6 دن کا وقفہ ہمارے لئے اچھا ہے کیونکہ اس سے پہلے ہمارے پاس بیک ٹو بیک میچ تھے اور جب آپ کم وقت میں بہت زیادہ میچ کھیلتے ہیں تو کھلاڑی تھک جاتے ہیں۔ ایک اچھی جیت کے بعد جب آپ آرام کر رہے ہوتے ہیں اور آیندہ میچوں کے بارے میں بھی سوچتے ہیں، میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ ہمارے لئے اچھا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp