قومی کرکٹ ٹیم کا بریانی کے بغیر کھانا کھانے سے انکار، ’یہ ورلڈ کپ کھیلنے آئے ہیں یا شادی کی دعوت پر‘؟

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کے دوران قومی ٹیم اپنے 06 میچز میں سے 04 میچز میں شکست کا سامنا کر چکی ہے۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ گرین شرٹس کو ورلڈ کپ کے دوران 04 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پاکستان ٹیم کل ایڈن گارڈن کلکتہ میں بنگلادیش کے خلاف اپنا اہم ترین  میچ کھیلے گی لیکن اس اہم میچ سے قبل خبریں سامنے آرہی ہیں کہ کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے کلکتہ کے ہوٹل کا کھانا کھانے سے انکار کردیا جس کے بعد  کھلاڑیوں نے کلکتہ کے معروف ریسٹورنٹ سے دیسی مینیو آرڈر کرکے کھانا منگوایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ہفتے کی شام کولکتہ پہنچنے کے بعد ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔

بھارتی ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے قومی  کرکٹرز کو بریانی کے بجائے سخت ڈائٹ چارٹ  فراہم کیا گیا جس  میں ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے کباب، انڈے اور پروٹین پلیٹر موجود تھا تاہم کھلاڑیوں نے اس مینیو کو لینے سے انکار کر دیا ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مینیو کے بجائے پاکستانی کھلاڑیوں نے کلکتہ کے معروف ریسٹورنٹ سے بریانی، چانپ،  فیرنی اور شاہی ٹکرے آرڈر کرکے منگوالیے۔

مسلسل شکستوں اور قومی ٹیم کیلئے ورلڈکپ سیمی فائنل کے راستے دشوار ہونے کے بعد جہاں سابق کرکٹرز اور شائقین نے پاکستانی کھلاڑیوں کی ڈائٹ کو نشانہ بنایا وہیں ان کی پرفارمنس پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے ٹیم کی ڈائٹ کو لے کر مزید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایکس پر ایک بھارتی صارف نے اپنی پوسٹ میں بابر اعظم اور انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’باؤنڈریز کو چھوڑ، ہمارے طرح کھانے پر توجہ دو‘۔

ایک اور ایکس صارف نے اپنی پوسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ورلڈ کپ کھیلنے آئے ہیں یا شادی کی دعوت پر آئے ہیں؟‘۔

سومک نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ورلڈ کپ تو بہانہ ہے، اصلی بات تو کھانا ہے‘۔

ایک اور بھارتی صارف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ  ’ہمیں ڈر ہے بابر کہیں ساری بریانی کھا کر نہ چلا جائے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp