پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار کم وقت میں کی جانے والی تیاری کو قرار دے دیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف شکست نے قومی ٹیم کا مورال نہیں گرایا۔ بھارت کے خلاف اتنے زیادہ تماشائیوں کے درمیان میچ کھیلنا کھلاڑیوں کے لیے ایک زبردست تجربہ تھا کیوں کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے اتنے زیادہ تماشائیوں کے سامنے کبھی میچ نہیں کھیلا تھا، یہ تجربہ انہیں مستقبل میں فائدہ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ہماری ٹیم کو مسلسل 04 میچوں میں شکست کا سامنا ہے لیکن ہم بنگلہ دیش کے خلاف بھرپور تیار ہیں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کلکتہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس صورتحال میں ہیں جہاں ہم ہونا نہیں چاہتے تھے، ہمارا جس پر کنٹرول ہے وہ کریں گے۔ خواہش تھی کہ پاکستان ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نےکہا کہ ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں ہیں، آئی سی سی رینکنگ سے فرق نہیں پڑتا کیوں کہ ہم بھارت اور ٹاپ ٹیموں سے نہیں کھیلتے، ہمیں کوالٹی کرکٹ کھیلنا ہوگی لیکن 04 شکستیں ہمارے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں، ہم سب ایسی کارکردگی دینا چاہتے ہیں کہ قوم کو ہم پر فخر ہو، ہم نے اب تک اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، فینز سے پہلے ہم اپنی ہی توقعات پر ہی پورا نہیں اترے۔
جنوبی افریقہ سے شکست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ہارنے کے بعد کھلاڑی کافی افسردہ تھے،اگر اس میچ میں 300 رنز کرتے تو پاکستان جیت جاتا۔
گرانٹ بریڈ برن کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ کی تیاری 4 سال پہلے شروع ہونا چاہیے تھی، ہم نے 6 ماہ پہلے شروع کی، ان کنڈیشنز پر ہمارے پلیئرز پہلے نہیں کھیلے تاہم ہمیں بنگلا دیش کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، بطور حریف بنگلا دیش کی صلاحیتوں کا احترام کرتے ہیں۔