یوکرین جنگ کے بعد اسرائیل فسلطین تنازع: ورلڈ بینک نے انتباہ جاری کر دیا

پیر 30 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ بینک نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری کشیدگی ختم نہ ہونے کی صورت میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں دو گنا تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

عالمی بینک کے مطابق اگر یہی صورت حال جاری رہی تو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی فی بیرل قیمت 82.69 ڈالر فی بیرل ہے جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 87.84 ڈالر فی بیرل ہے۔

ورلڈ بینک نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع میں شدت آئی تو عالمی سطح پر تیل اور اجناس کی قیمتوں میں یکدم اضافہ ہو جائے گا۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ کم اور درمیانی شدت کے علاقائی تناؤ کی صورت میں بھی تیل کی قیمتیں اوپر جانے کا خدشہ ہے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 102 سے 121 ڈالر فی بیرل ہو سکتی ہے۔

ورلڈ بینک کا کہنا ہے اگر تیل پیدا کرنے والے مرکزی ممالک کی جانب سے سپلائی کم کر دی گئی تو صورت حال 1970 کی دہائی جیسی ہو جائے گی۔

عالمی بینک کے مطابق روس یوکرین جنگ کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع اجناس کی مارکیٹ کے لیے دُہرا بڑا جھٹکا ثابت ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد سے اب تک حالات مسلسل خرابی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج مسلسل غزہ پر بمباری کر رہی ہے، اور 7 اکتوبر سے اب تک 8300 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp