امریکی ریاست فلوریڈا میں پولیس نے ایک ایسے بھگوڑے کچھوے کو پکڑا ہے جو ساڑھے 3 سال قبل اپنا گھر چھوڑ کر بھاگا تھا۔
فلوریڈا پولیس نے کچھ روز پہلے ایک کچھوے کو آوارہ گردی کرتے ہوئے پایا تو وہ اسے اٹھا لائے اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے حوالے کر دیا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین تھا کہ یہ کچھوا کسی کا پالتو ہے کیونکہ اس کچھوے کو انسان پسند ہیں اور جب کوئی اس کے سر پر پیار کرے تو اسے اچھا لگتا ہے۔
مزید پڑھیں
اس ادارے نے کچھوے کے مالک کو تلاش کرنے کے لیے اس کچھوے کی تصویر فیس بک پر پوسٹ کی جس کے بہت سے جواب موصول ہوئے اور بیشتر پیغامات میں یہ اطلاع شامل تھی جس کے مطابق ایسا ہی ایک کچھوا اپریل 2020 میں گم ہو گیا تھا جس کی گمشدگی کی رپورٹ بھی کرائی گئی تھی۔
کچھوے کے مالک سے رابطے کے بعد ادارے نے اپنی ایک اور پوسٹ میں بتایا کہ یہ کچھوا ساڑھے 3 سال قبل جس گھر سے نکلا تھا، یہ اس گھر سے محض 5 میل کے فاصلے پر ملا ہے۔
ادارے نے مزید بتایا کہ کچھوے نے اتنے سال تک موسم سرما کی سختی برداشت کی ہے، وہ کیچڑ اور مٹی سے اٹا ہوا ہے مگر اس کی حالت بہتر ہے اور اسے ویٹرنری ڈاکٹر کے پاس بھیجا جائے گا جس کے بعد اسے اس کے اصل مالک کے حوالے کر دیا جائے گا۔