ن لیگ کی انتخابی تیاریاں شروع، پی ٹی آئی مہم کا آغاز کب کرے گی؟

بدھ 1 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ )ن( نے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، پارٹی نے اس بابت آئندہ انتخابات سے متعلق منشور کی تیاری کا ٹاسک بھی دے دیا ہے جس کے بعد پارلیمانی بورڈ ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل شروع کرے گا۔

مسلم لیگ ن کی طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق چاروں صوبوں میں پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے تاحال ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے بورڈ تو تشکیل نہیں دیا لیکن انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت اس وقت جیل میں ہے، عمران خان کے علاوہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور پارٹی صدر چوہدری پرویز الہی بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں تاہم پارٹی کی کور کمیٹی عمران خان کی مشاورت کے بعد سیاسی حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام پی ٹی آئی رہنماؤں کو ملک بھر خصوصاً خیبر پختونخوا میں سیاسی طور پر متحرک ہونے کی ہدایات دے دی گئی ہیں جس کے بعد چند اضلاع میں رواں ماہ ورکرز کنونشن بھی شیڈول کردیے گئے ہیں۔

پارٹی کے ایک رہنما نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا، ’پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ اپنے حلقوں میں سیاسی طور پر متحرک ہوں، اس کے علاوہ روپوش رہنماؤں کو بھی منظر عام پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم حالیہ دنوں میں پارٹی پر نئے کریک ڈاؤن کے بعد حکمت عملی تبدیل کردی گئی ہے۔‘

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی اپنی انتخابی مہم کا آغاز الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی کردے گی، اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں کو ورکرز کنوشن کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا، ’انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی تحریک انصاف کے روپوش رہنما بھی منظر عام پر آجائیں گے اور انتخابی مہم میں حصہ لیں گے، پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کے لیے بورڈ تشکیل دے دیا جائے گا، جس حلقے میں سابق امیدوار میسر نہیں ہوگا وہاں نظریاتی ورکرز اور وکلا کو ٹکٹ دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp