کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مایوس کن کارگردگی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اندرونی مسائل جہاں سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر زیر بحث رہتے ہیں وہیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی نجی ٹی وی پر واٹس ایپ چیٹ لیک اسکینڈل بھی آج کل ہر زبان زد عام ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین ذکا اشرف اور کھلاڑیوں کے مابین مبینہ جھگڑے اور آئے روز ایک نئے اسکینڈل سے جہاں صارفین پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں سابق کھلاڑی بھی اس ساری صورتحال کو مایوس کن قرار دے رہے ہیں۔
اسی حوالے سے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ’ اپنے کام سے کام ‘ رکھنے کا مشورہ دے ڈالا۔
سوشل میڈیا پر ایک کلپ وائرل ہو رہی ہے جس میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ذکاء اشرف کسی کلب کے چیئرمین نہیں ہیں، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہیں، انہیں بہت سی چیزوں کو دیکھنا چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا خدا کے لئے اپنی کرسی کو مضبوط کریں، لوگوں کی اور ہم کرکٹرز کی آپ سے جو امید ہے، ان چیزوں اور ان مسائل پر کام کریں، چھوڑ دیں کہ کون آپ کے بارے میں کیا کہہ رہا ہے، موقع آپ خود دے رہے ہو، اپنے کام سے کام رکھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کلپ وائرل ہوئی تو صارفین نے شاہد آفریدی کی خوب تعریف کی ، ایک صارف نے کلپ شئیر کرتے ہوئے لکھا ویلڈن لالا۔
Well done Lala! 👍👏
— Khurram Qureshi (@qureshik74) October 31, 2023
ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا شاہد آفریدی کو کبھی اتنا غصے میں نہیں دیکھا۔
Never ever seen afridi this angry
— Raast Tassr (@RTassr) October 31, 2023
واضح رہے کہ پروگرام کے دوران سابق کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ذکا اشرف میڈیا ہاؤسز کے مالکان کو فون کر کے کہتے ہیں کہ لوگ میرے بارے باتیں کررہے ہیں، خدا کے لئے آپ چیئرمین ہو، آپ ڈیلیور کریں اور کام کریں۔