پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے تربیتی میانوالی ایئربیس پر کومبنگ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح بیس پر بزدلانہ اور ناکام دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ حملے کے بعد نواحی علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے پوری کامیابی کے ساتھ یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن مکمل کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے متحرک آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا، حملے کے دوران صرف 3 متروک، ناقابل استعمال اور غیر آپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
میانوالی اور پسنی حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا، دفاعی تجزیہ کار
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آج کا حملہ نہ صرف اس منظم مزاحمت کے پیمانے کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس کے روابط اور تانے بانے بھی واضح کرتا ہے۔ پاکستان کے عوام کو ایسے وقت میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض طاقتیں مجرمانہ نظام کے خاتمے اور غیر قانونی غیر ملکیوں کے ساتھ ان کے روابط کے خاتمے کے لیے حکومتِ پاکستان کی جاری حالیہ کارروائیوں سے خوش نہیں ہیں۔ ہمیں انتہا پسندی، سرحد پار نقل و حرکت، اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بدنام زمانہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ جیسی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف مشترکہ سماجی آپریشن کرنا ہوگا۔ فوج دہشت گردوں سے نمٹ لے گی تاہم عوام کو ان کے سہولت کاروں، معاونین اور سماجی دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
آج میانوالی ٹریننگ ایئر بیس اور گزشتہ روز پسنی میں ہوئے گھناؤنے حملوں میں بھارت کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ وہ دیگر دشمن عناصر کے ساتھ مل کر ایسی مذموم کارروائیوں میں شامل ہے۔
شہدائے گوادر کی نماز جنازہ پسنی میں ادا کی گئی، آئی ایس پی آر
ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گھات لگائے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 14 بہادر جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد حملے میں جان نچھاور کرنے والے شہدائے گوادر کی نماز جنازہ پسنی میں ادا کی گئی، شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
نماز جنازہ میں اعلیٰ حاضر سروس فوجی، سول انتظامیہ کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے ہر قیمت پر خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
چیئرمین سینیٹ، سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر کا دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ پاک فوج کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی پاکستان ایئرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری نے میانوالی میں پاکستان ایئرفورس کے ٹریننگ ایئربیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کے منصوبے کو خاک میں ملادیا۔ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میانوالی ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بچے کچھے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم سے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا پسنی،گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید 14 جوانوں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی قوم شہداء کی قرض دار ہے۔ پوری قوم پاک فوج اور اپنے سیکیورٹی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم حملوں سے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔