بلوچستان، دہشتگردوں کا فوجی گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ، 14 جوان شہید

جمعہ 3 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 بلوچستان میں دہشت گردوں نے فوجی کانوا ئے پر اچانک حملہ کر کے 14 فوجی جوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے کانوائے میں شامل 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں نے اچانک حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک افواج کے  14 جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع گوادر کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والے سیکیورٹی فورسز کے کانوئے میں شامل 2گاڑیوں پر دہشتگردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اس گھناؤنے فعل میں ملوث دہشت گردوں سے حساب لیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، وزیر اعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں وزیرِ اعظم نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیرِ اعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، شہدا نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم اور اس کے رکھوالوں کے حوصلے کبھی پست نہ کر پائیں گے۔  پوری قوم دہشت گردی کے اس ناسور کے خاتمے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، چیئرمین سینیٹ

ادھر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پسنی اورماڑہ کے درمیان سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے ، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت اور خاندانوں سے افسوس و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا، ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔

مرزا محمد آفریدی، اسحاق ڈار، شہزاد وسیم کی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی پسنی اور ماڑہ کے درمیان سیکیورٹی فورسز پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں،پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سرفراز احمد بگٹی

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے پسنی سے اوڑمارا جانے والے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں، پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ انتہائی بہادری سے لڑ رہی ہیں۔

ہمارے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر ملک وقوم کی حفاظت کر رہے ہیں، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پسنی اور اورماڑہ کے درمیان سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور جوانوں پر حملہ بزدلانہ فعل ہے ۔

اپنے ایک بیان میں نگراں وزیر اعلیٰ نےحملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ سوگوار خاندانوں سے افسوس و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں، بیش بہا قربانیوں کے بعد بحال ہونے والا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے اور دہشتگردی کے خاتمے اور بحالی امن کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر ملک سے تخریب کاری اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp