حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات

اتوار 5 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات ہوئی ہے۔ اس امر کا اعتراف حماس کے ایک رہنما نے ’المیادین‘ ٹی وی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

بیروت میں ’المیادین‘ سے گفتگو کرتے ہوئے حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے اسماعیل ہنیہ کے دورہ ایران سے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ اسماعیل ہنیہ اپنے تنظیمی معاملات کی دیکھ بھال کے لیے 2019 سے قطر اور ترکی میں قیام پذیر ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن اور معاونین کے درمیان اختلافات

امریکی نیوز ویب سائٹ’Axios‘ کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کی وجہ سے امریکی صدر جو بائیڈن کی سیاسی ٹیم کے ارکان کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ بائیڈن کے کچھ معاونین کا خیال ہے کہ وائٹ ہاؤس فلسطینیوں پر غیر اخلاقی حملے میں مدد کر رہا ہے۔ جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ بائیڈن اسرائیل کی حفاظت کر کے اخلاقیات کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ویب سائیٹ کے مطابق ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے اندر یہ تنازع، جس پر بائیڈن اپنی دوبارہ انتخابی مہم میں بھروسہ کر رہے ہیں، سیاسی سطح پر اور ڈیموکریٹس کے درمیان مختلف نسلوں کے درمیان بڑی تقسیم کو ظاہر کرتا ہے۔

تقسیم بنیادی طور پر اسرائیل کی حمایت کرنے والے بوڑھے ڈیمو کریٹس اور نوجوان ترقی پسندوں کے درمیان واضح ہے۔ یہ نوجوان فلسطینیوں کے ساتھ ان کی حالت زار کی وجہ سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کمیٹی کے کچھ ارکان 7 اکتوبر کو فلسطینی گروپوں کے حملے پر اسرائیلی ردعمل اور اسرائیلی حملوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں مایوس ہیں۔ کمیٹی ارکان میں سے ایک نے کہا کہ وہ استعفیٰ دینے پر غور کر رہے ہیں۔

Axios نے کمیٹی کے ایک سرکردہ رکن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ فلسطینی شہریوں کے بڑے پیمانے پر قتل کی حمایت کو غیر اخلاقی کے سوا مزید کسی طور پر بھی لیا جاسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp