معیشت کی گاڑی رُک چکی، تمام جماعتوں کو مل کر دھکا لگانا ہو گا، حمزہ شہباز

اتوار 5 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی قیادت میں قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز نے کہاکہ ہمارے دور میں لوگوں کو سستا آٹا میسر آیا، اس کے علاوہ میں نے 200 یونٹ تک مفت بجلی کا ہوم ورک کر لیا تھا مگر یہ پسند ناپسند کی نظر ہو گیا۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے، ہمیں دوبارہ موقع ملا تو عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے، ماضی میں ہم نے کینسر کی ادویات فری کی تھیں لیکن اب وہ بند کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ معیشت کی گاڑی رُک چکی ہے، اب تمام جماعتوں کو مل کر اسے دھکا لگانا ہو گا، آئندہ عام انتخابات کے نتیجے میں جس جماعت کی بھی حکومت بنے اسے چاہیے ہو گا 10 سال کا معاشی پلان بنائے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو تب ہی ریلیف ملے گا جب معیشت کی گاڑی چلے گی۔

لیول پلیئنگ فیلڈ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2018 کے انتخابات میں نوازشریف پابند سلاسل تھے، ہماری جماعت پر جھوٹے کیسز بنائے گئے، آخری وقت میں ہمارے لوگوں نے ٹکٹیں واپس کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے قوم کے پیسے لوٹے ہیں تو اسے حساب دینا چاہیے، اسے الیکشن سے نہیں جوڑا جا سکتا۔

نواز شریف کے خلاف تمام کیسز جھوٹے، الیکشن سے قبل ریلیف مل جائے گا

حمزہ شہباز نے کہاکہ نوازشریف کے خلاف بنائے گئے تمام کیسز جھوٹے تھے، امید ہے الیکشن سے پہلے انہیں ریلیف مل جائے گا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے فلسطین کی صورت حال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، تمام ممالک غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

حمزہ شہباز نے افواج پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ وطن شہدا کی قربانیوں کی بدولت ہمیں ملا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp