سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات: مرتضیٰ وہاب صدر کی یوسی 13 سے چیئرمین منتخب

اتوار 5 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے 16 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو گیا، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدر کی یونین کونسل 13 سے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

16 اضلاع کی 26 یونین کونسلوں میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں 116 امیدوار مدمقابل تھے، الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے لیے 182 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے تھے۔

کراچی میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل ممبر کی 9 نشستوں کے لیے پولنگ ہوئی۔ یہاں پر جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں سمیت کل 54 افراد میدان میں موجود تھے۔

ضلع جنوبی، ضلع ملیر، ضلع کیماڑی میں چیئرمین کی نشستوں کے لیے پولنگ ہوئی جبکہ ضلع جنوبی اور ضلع ملیر میں وائس چیئرمین کے لیے ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

ضمنی انتخابات کے دوران متعلقہ حلقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ضلع جنوبی یونین کونسل 13 صدر ٹاؤن کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب 3 ہزار 967 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔ جبکہ جماعت اسلامی کے نورالسلام کو ایک ہزار 566 ووٹ ملے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔

ضلع ملیر گڈاپ ٹاؤن یونین کونسل 7 میں 27 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق سلمان عبداللہ مراد نے 10 ہزار ووٹ لے کر میدان مار لیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار 1300 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp