امت مسلمہ کو جسد واحد بن کر اسرائیل جیسے ناسور کا مقابلہ کرنا ہو گا، مولانا فضل الرحمان

اتوار 5 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنما خالد مشعل سے ایک روز میں دوسری اور الوداعی ملاقات کی ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ 3 روز میں حماس رہنماؤں سے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں۔ اور اس دوران فلسطین کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور حماس رہنماؤں نے مسلم امہ اور خصوصاً اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ امت مسلمہ کو جسد واحد بن کر اسرائیل جیسے ناسور کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ جانوروں کے حقوق کی باتیں کرنے والا مغرب فلسطین میں جانوروں کا کردار ادا کر رہا ہے۔

حماس رہنماؤں نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وفد میں سیکریٹری جنرل جے یو آئی صوبہ سندھ مولانا راشد محمود سومرو اور مرکزی رہنما جے یو آئی مفتی ابرار بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک ہفتے کے دورے پر قطر اور ترکیہ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان کی قطر میں حماس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات

مولانا فضل الرحمان نے اس ملاقات سے قبل بھی حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ، سابق سربراہ خالد مشعل سمیت دیگر قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

مولانا فضل الرحمان نے ‏پاکستانی عوام اور بالخصوص جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی طرف غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے حماس کی قیادت کو یقین دلایا کہ ہم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی ہر میدان میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ‏اسماعیل ہنیہ اور خالد مشعل نے پاکستان کی عوام اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کوبھرپور حمایت پر فلسطینی عوام کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے شکریہ کا پیغام دیا۔

جے یو آئی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب قطر روانہ ہوئے، ان کے دورے کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر خفیہ رکھا جارہا ہے۔ مولانا ترکیہ اور قطر کی حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کرائی جاسکے۔ مولانا فضل الرحمان غزہ میں پھنسے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل سمیت دیگر امور پر بھی عرب ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp