انتخابات کا اعلان اور سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں، کیا ملک میں 2018 والے حالات ہیں؟

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ 90 روز میں ملک بھر میں عام انتخابات ہو جائیں گے۔ الیکشن کا وقت قریب آتے ہی سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما و سابق اسپیکر اسد قیصر اور پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بھی گزشتہ 2 روز میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل سال 2018 میں بھی عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں قید کیا گیا تھا جبکہ مختلف کیسز میں مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ اب دوبارہ عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے سربراہ و سابق وزیراعظم عمران خان جیل میں ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے دیگر رہنما بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں۔

وی نیوز نے مختلف تجزیہ کاروں سے گفتگو کی اور ان سے جاننے کی کوشش کی کہ جیسے ہی عام انتخابات کا اعلان ہوا تو ایک پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہو گیا۔ تو کیا ملک میں 2018 والے حالات پیدا ہو گئے ہیں؟

سانحہ 9 مئی کی وجہ سے عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں، انصار عباسی

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا کہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا جو سلسلہ تھا اب بھی ویسا ہی ہے لیکن اس دفعہ ہونے والی گرفتاریاں کچھ خاص اس لیے ہیں کیونکہ یہ گرفتاریاں 9 مئی کے بعد ہوئیں۔ 2018 میں تو نواز شریف کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک لڑائی تھی لیکن اس لڑائی میں زبانی کلامی ہی کسی حد تک کچھ باتیں ہوا کرتی تھیں، لیکن 9 مئی کا واقعہ زبانی نہیں تھا اسی لیے عمران خان اور پی ٹی آئی کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

انصار عباسی نے کہا کہ جس دن 9 مئی واقعہ ہوا تھا اسی دن سے لوگوں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ اب پی ٹی آئی کے لیے سیاست بہت مشکل ہو جائے گی، 2018 میں بہت کچھ اس طرح کا ہوا تھا لیکن 9 مئی بہت سخت واقعہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ابھی بھی پی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی کے حوالے سے بہت ہلکی سی بات کرتے ہیں، حالانکہ وہ اتنی ہلکی بات ہے نہیں جتنی وہ ہلکی لے رہے ہیں، پاکستان کی فوج کے اوپر اس طرح سے حملہ کبھی کسی نے نہیں کیا کہ تنصیبات کو ہی آگ لگا دی ہو۔

انصار عباسی نے کہاکہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کوئی سیاسی پارٹی فوجی تنصیبات پر دھاوا بول دے گی۔

ہر الیکشن سے پہلے اسی طرح گرفتاریاں ہوتی ہیں، اعزاز سیّد

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار اعزاز سیّد نے کہا کہ الیکشن سے قبل گرفتاریوں کا سلسلہ نیا نہیں ہے، ہر الیکشن سے قبل اسی طرح گرفتاریاں ہوتی ہیں، لیکن اس مرتبہ کی گرفتاریوں کی ایک خاص بات ہے کہ اس مرتبہ 9 مئی کا واقعہ نیا ہے اور یہ واقعہ زندگی میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔

اعزاز سید نے کہا کہ نواز شریف کے کیس کا فیصلہ سال 2018 میں عام انتخابات سے چند روز قبل آیا تھا، جبکہ لیگی رہنما حنیف عباسی کے کیس کا فیصلہ تو الیکشن شیڈول کے بعد آ گیا تھا، ابھی تو اور بھی بہت کچھ ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ 9 مئی کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کو آئندہ عام انتخابات میں بہت نقصان ہو گا، شاید ایسا نقصان ہو جو ماضی میں کسی پارٹی کو نہ ہوا ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp