نواز شریف کی ڈیل کا تاثر درست نہیں، بیلٹ پیپر پر سب کا انتخابی نشان ہونا چاہیے: خواجہ سعد رفیق

پیر 6 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ڈیل کا تاثر درست نہیں، کوئی ڈیل نہیں ہے۔ کیا نواز شریف کے مقدر میں لکھا ہے کہ انہوں نے ہی جلاوطنی کاٹنی ہے۔ 2018 میں ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، سب کا انتخابی نشان بیلٹ پیپر پر ہونا چاہیے۔

لاہور میں پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاون کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ نواز شریف نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا طویل عرصے بعد دوبارہ آغاز کر دیا ہے، ہم انتخابات کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور انتخابات کی تاریخ پر کوئی ابہام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے واپس آنا ہی تھا اور وہ صحیح وقت پر واپس آئے ہیں۔ جب نواز شریف ملک سے گئے تھے تو وہ شدید بیمار تھے۔ نواز شریف، ان کے خاندان اور جماعت نے سب سے زیادہ سزائیں کاٹی ہیں۔ 2002 میں نواز شریف کے بغیر بھی ہم نے الیکشن لڑا تھا، 2008 میں اور 2018 میں بھی ہم نے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جیل میں موجود سیاستدان کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور سائفر کے معاملات والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے۔ کسی کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہونے چاہیئں، سب کو الیکشن میں برابر موقع ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی بات میں نے نہیں سنی۔ ہماری کوئی بی ٹیم نہیں ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ الیکشن کا شیڈول آتا ہے تو سب نے الیکشن لڑنا ہوتا ہے۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم نے بلوچستان اور سندھ کو ڈسکس کیا ہے۔ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کوئی درخواست آئی تو پارٹی قیادت فیصلہ کرے گی۔ سیاسی برادری سے ملاقاتیں ہونی چاہیئں اور جب وقت آئے گا نواز شریف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان نے افغان بہن بھائیوں کی میزبانی کی ہے۔ جن افغانوں کے پاس شناختی دستاویزات نہیں ہیں، انہیں زبردستی نہیں بھیجا جا رہا۔ ہمارے سیکیورٹی مسائل ہیں۔ افغانستان سے مسلح جماعتیں آتی ہیں تو انہیں وہیں روکا جانا چاہیے۔ ہم سب نے مل کر ہی گزارہ کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp