سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے بشیر میمن مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوتے ہی سندھ کے صدر بن گئے

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے بشیر میمن کو مسلم لیگ (ن) سندھ کا صدر مقرر کر دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیاں شروع کر دی ہیں، سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے بشیر میمن کو مسلم لیگ (ن) سندھ کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔

جبکہ شاہ محمد شاہ کو مسلم لیگ (ن) سندھ کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے، دونوں تقرریوں سے متعلق باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق ڈائریکٹر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) ستمبر میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی تھی۔

مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے بعد بشیر میمن کو 29 ستمبر 2023 کو استقبالیہ کمیٹی سندھ کا کنوینر بنایا گیا تھا، یہ استقبالیہ کمیٹی سابق وزیر اعظم نواز شریف کے 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کے لیے صوبہ سندھ کے لیے تشکیل دی گئی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بشیر میمن نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی تھی۔

نوازشریف نے بشیر میمن کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک باد دی۔

ملاقات کے دوران نواز شریف نے 21 اکتوبر کو مینارِ پاکستان پر صوبہ سندھ سے کارکنوں اور رہنماؤں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔

بشیر میمن سے ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کارکنوں کے تاریخی جذبے اور قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتا۔

نواز شریف نے بشیر میمن سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ ’آپ کے پارٹی میں آنے سے صوبہ سندھ میں پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہو گی۔‘

اس دوران بشیر میمن کا کہنا تھا کہ مینارِ پاکستان پر تاریخی جلسہ کارکنوں کے جذبے کا اعلان تھا۔

ملاقات میں صوبہ سندھ میں تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمتِ عملی پر بات چیت ہوئی۔

ن لیگ کو سب سے رابطے کرنے چاہئیں، بشیر میمن

بشیر میمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف سے ملاقات کے لیے ماڈل ٹاؤن آیا ہوں، ن لیگ کو سب سیاسی جماعتوں سے سے رابطے کرنے چاہئیں۔

بشیر میمن کے مشورے پر ہی مسلم لیگ ن نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بشیر میمن بشیر 2017 سے 2019 تک ایف آئی اے میں ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کر چکے ہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت میں ایف آئی اے کے سربراہ کے طور پر فرائض سر انجام دیے، مگر انہوں نے اپنی ملازمت کی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے سابق وزیراعظم عمران خان اور 2 وفاقی وزرا پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اپوزیشن جماعت کے رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا تھا۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ’موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس بنانے کے لیے بھی تحریک انصاف کے وزرا نے ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔‘

جواب میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے بشیر میمن کی پینشن اور دیگر مراعات بھی روک لی گئی تھیں جو بعد میں عدالتی احکامات پر بحال کر دی گئیں۔

بشیر میمن نے ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد رواں سال ستمبر میں پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی تھی۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سندھ میں بنائی گئی 12 رکنی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے، اس کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر ان کا استقبال کرنا ہے۔

اس کمیٹی میں ان کے ساتھ سابق گورنر سندھ محمد زبیر، نہال ہاشمی اور کھیل داس کوہستانی سمیت دیگر رہنما بھی شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp