بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے گزشتہ روز بنگلہ دیش اور سری لنکا کے میچ میں اینجیلو میتھیوز کے ’ٹائمڈ آؤٹ‘ کی اپیل کیے جانے پر بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے کہا ہے کہ جیت کے لیے مجھے کچھ بھی کرنا پڑا تو میں کروں گا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے اینجیلو میتھیوز کے ’ٹائمڈ آؤٹ‘ کے سوال پر کہا کہ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، انہیں ایسے آؤٹ کرنے پر مجھے کوئی افسوس نہیں کیونکہ اس سے ٹیم کی جیت میں مدد ملی ہے۔
مزید پڑھیں
شکیب الحسن نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایک کھلاڑی نے مجھے کہا کہ اگر میں نے ٹائمڈ آؤٹ کی اپیل کرتا ہوں تو اینجیلو میتھیوز آؤٹ ہوجائیں گے۔ یہ آئی سی سی کا قانون ہے، مجھے نہیں معلوم کہ یہ صحیح ہے یا غلط۔ جب ہم میدان میں تھے مجھے ایسا لگا جیسے میں جنگ میں ہوں۔
واضح رہے کہ سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے اینجیلو میتھیوز کے ٹائمڈ آؤٹ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب میتھیوز کریز پر آئے تو 5 سیکنڈ باقی تھے۔ یہ امپائرز کا مایوس کن فیصلہ تھا۔