پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک کے پانچویں مرحلے میں اتوار کے روز گوجرانوالا میں سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل اور سابق ایم پی اے ظفر اللہ چیمہ سمیت تحریک انصاف کے 70 سے زائد کارکنوں نے رضاکارانہ گرفتاری دے دی۔
نذر گوندل کے پولیس وین میں بیٹھنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس وین کو گھیر لیا اور وین پر چڑھ گئے۔ بعدازاں وین میں بیٹھنے والے کارکنوں کو پولیس لے کر چلی گئی۔
قبل ازیں گوجرانوالا میں سینٹرل جیل کے سامنے پولیس نے لاؤڈ اسپیکرپر گرفتاریاں دینے کا اعلان کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اگرکوئی پی ٹی آئی رہنما یا کارکن گرفتاری دینا چاہتا ہے آئے اورگاڑی میں بیٹھے، ہم عزت کے ساتھ ان کو لیکرجائیں گے۔
اس کے علاوہ گرفتاریاں دینے کے لیے گجرات اور وزير آباد سے بھی تحریک انصاف کارکنوں کی ریلی گوجرانوالہ پہنچی، گوجرانوالہ میں موجود کارکنوں کے ساتھ مل کر سینٹرل جیل پہنچے۔
گرفتاریوں کے بعد سابق صوبائی وزیر صحت اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد گوجرانوالہ کی سنٹرل جیل کے باہر پہنچ گئیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں 125 کے قریب کارکنوں نے گرفتاری دی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی 6 گاڑیاں بھر کر جا چکی ہیں، اب پولیس کی گاڑیاں ختم ہوگئی ہیں، اس لیے وہ اور باقی لوگ واپس جا رہے ہیں۔