نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کو ریکوڈک کے شیئرز کی فروخت سے متعلق معاہدہ دسمبر تک طے پا جائے گا۔
عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نگراں وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے سعودی پیشکش کی خوشی ہے اور پاکستان اس شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
ریکوڈک منصوبے میں شراکت دار کمپنی بیرک کے اپنے شیئر فروخت نہ کرنے، سعودی عرب کو پاکستان کے حصے سے شیئرز کی فروخت اور منصوبے میں مساوی حقوق کھو دینے سے متعلق سوال پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک تجارتی معاہدہ ہے جس پر بات چیت جاری ہے، بطور حکومت ہم سعودی عرب کی اس منصوبے میں شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور جب اس معاہدے سے متعلق مذاکرات طے پا جائیں گے تو حکومت اس کی خبر جاری کردے گی۔
انٹرویو کے دوران نگراں وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ کیا کابینہ کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو ریکوڈک کے شیئرز فروخت کرنے کی ڈیڈلائن طے کرنے کے لیے مذاکراتی کمیٹی اور فنانشل ایڈوائزر کی بھرتی سے متعلق پیپرا قوانین سے استثنا دیا گیا اور کیا یہ ڈیڈ لائن 25 دسمبر ہے، جس پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اس ڈیڈ لائن تک پہنچنے کا عمل ابھی جاری ہے اور امید ہے کہ دسمبر تک یہ ڈیل ہوجائے گی۔