شکاگو کے چڑیا گھر کی شارک نے تاریخ رقم کردی

منگل 7 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شکاگو، امریکا کے چڑیا گھر میں ایک شارک نے نر پارٹنر کے بغیر بچے کو جنم دے کر تاریخ رقم کردی ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مادہ ایپولیٹ شارک شکاگو کے باہر واقع بروک فیلڈ چڑیا گھر میں 2019ء سے اپنے ایک ہی مسکن میں رہ رہی ہے۔ چڑیا گھر حکام کے مطابق اس کی آمد کے بعد سے اسے کسی نر کے ساتھ نہیں رکھا گیا۔ رواں برس     23 اگست کو اس شارک کے انڈوں میں سے ایک انڈے سے بچہ نکلا جوکہ چڑیا گھر یا ایکویریم میں غیر جنسی تولید کے ذریعے ایپولیٹ شارک کے بچے کی پیدائش کا دوسرا ریکارڈ شدہ کیس ہے۔ اس سے پہلے نیو انگلینڈ ایکویریم میں اسی طرح شارک کے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

بروک فیلڈ چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال کے ایک ماہر مائیک میسلیس نے ایک بیان میں کہا، ’ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری ایپولیٹ کا بچہ بالکل تندرست ہے اور نارمل سمندری غذا کھا رہا ہے، پارتھینوجنیٹک طور پر پیدا ہونے والے شارک کے بچے بہت نازک ہوتے ہیں۔‘

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق پارتھینوجینسیس غیر جنسی تولید کا ایک طریقہ ہے جہاں مادہ بغیر نطفہ کے ایمبریو پیدا کر سکتی ہے تاکہ اسے زرخیز (فرٹیلائیز) کیا جا سکے۔ بریٹانیکا کے مطابق یہ طریقہ کچھ چیونٹیوں اور شہد کی مکھیوں جیسی مخلوق میں ایک قدرتی امر ہے لیکن شارک میں یہ نایاب ہے۔

شکاگو چڑیا گھر کے حکام نے بتایا ہے کہ یہ ماما شارک پہلی بار چڑیا گھر میں اس وقت آئی تھی جب وہ صرف 3 سال کی تھی جبکہ یہ نسل 7 سال کی عمر میں جنسی پختگی کو پہنچتی ہے، اس شارک نے 2022ء سے ہر ماہ 2 سے 4 بانجھ انڈے دینا شروع کیے لیکن آخرکار ان انڈوں میں سے ایک انڈا زرخیز نکلا۔ اب شارک کے اس بچے کو 5 ماہ کے انکیوبیشن پیریڈ کے بعد باہر نکالا گیا ہے اور اس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شارک کے اس بچے کی عمر اب 2 ماہ اور اس کی لمبائی تقریباً 5 سے 6 انچ ہے۔ عام طور پر ایپولیٹ شارک کی لمبائی ڈھائی سے 3 فٹ تک ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp