بالوں کو کئی دن تک نہ دھونے سے آپ کو کن مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے؟

بدھ 8 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ٹک ٹاک پر آج کل ایک ٹرینڈ مشہور ہوا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ لمبے عرصہ تک بالوں کو نہ دھونے سے آپ کے بال اور سر کی جلد بہتر ہوجاتے ہیں۔ ٹک ٹاک ٹرینڈ میں اس عمل کو ’ہیئر ٹریننگ‘ کا نام دیا گیا ہے جبکہ ٹک ٹاک انفلوئنسرز اپنے ہیئر ٹریننگ کے سفر کے تجربات لوگوں کے ساتھ شیئر کررہے ہیں اور ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کررہے ہیں کہ انہوں نے کئی ہفتوں سے اپنے بال نہیں دھوئے ہیں۔

یہ انفلوئنسرز ٹاک ٹاک صارفین کو بتارہے ہیں کہ بالوں کو نہ دھونے کے عرصہ میں بتدریج اضافہ کیا جاسکتا ہے اور اس وقفہ کو 30 دن تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ کچھ انفلوئنسرز کہہ رہے ہیں کہ بالوں کو لمبے عرصہ تک نہ دھونے سے ان کے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوئی ہیں اور ان کی چمک میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

فیکٹ چیک:

ٹاک ٹاک انفلوئنسرز کے اس دعویٰ کو ماہرین نے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ بالوں کو کئی دن تک نہ دھونے سے بال گرنا شروع ہوجاتے ہیں اور سر کی جلد کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔

ہیئر ٹریننگ سے بال کیسے جھڑتے ہیں؟

ایک معروف ہیئر کیئر کمپنی کے ماہر سام کارپینٹر کا کہنا ہے کہ ہیئر ٹریننگ کے پس پردہ سوچ یہی ہے کہ آپ اپنے بالوں اور سر کی جلد کو خصوصی موقعوں پر دھونے کی عادت ڈالیں، کچھ لوگوں کے نزدیک بالوں کو ایک ہفتہ اور کچھ کے نزدیک ایک ماہ کے وقفہ سے دھونا چاہیے۔

سام نے ہیئر ٹریننگ انفلوئنسرز کے دعوؤں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان انفلوئنسرز کا ماننا ہے کہ بالوں کے تحفظ کی مصنوعات میں سلفیٹ جیسے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو بالوں میں خشکی اور سر کی جلد میں نیچرل آئلز کے زائد اخراج کا باعث بنتے ہیں جبکہ ہیئر ٹریننگ کے ذریعے بال اور سر کی جلد واپس اپنی اصل حالت میں آجاتے ہیں۔

سام نے ان دعوؤں کی حقیقت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اگر آپ اپنے بالوں کو باقاعدگی سے نہیں دھوئیں گے تو آئل، گرد و غبار اور کیمیکلز آپ کے سر میں خشکی، خارش، سوجن کے علاوہ بالوں کے گرنے کا باعث بنتے ہیں۔

بالوں کو باقاعدگی سے دھونے کے حوالے سے 2021ء میں ایک تحقیق شائع کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بالوں کو باقاعدگی سے نہ دھونے کے باعث بال تیزی سے گرنا شروع کردیتے ہیں۔

بالوں کو کتنے عرصہ بعد دھونا چاہیے؟

ہر فرد کو اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ اس کے بالوں کو کب دھونے کی ضرورت ہے کیونکہ بعض لوگوں کے بالوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر آئل اور گردوغبار دوسرے لوگوں کی نسبت جلدی جمع ہوجاتے ہیں۔ سام کا کہنا ہے کہ اپنے بالوں کو آپ نے کب دھونا ہے، اس سوال کا جواب دریافت کرتے ہوئے آپ اپنے سر کی جلد کی صحت کو سمجھ جاتے ہیں اور اس ضرورت کے تحت اپنے بالوں کو دھونے لگتے ہیں۔

سام نے مزید بتایا کہ اگر آپ کے بال ٹھیک ہیں تو ہوسکتا ہے کہ انہیں روکھے پن سے بچائے رکھنے کے لیے روزانہ دھونے کی ضرورت پیش آئے اور اگر آپ اسٹائلنگ پروڈکٹس کا زیادہ استعمال کرتے ہیں تو آپ کو بالوں کو شاید زیادہ دھونا پڑے تاکہ سر میں کیمیکلز جمع نہ ہوسکیں۔

بالوں کو دھونے کا فیصلہ کب کرنا چاہیے؟

سام نے بتایا کہ اگر آپ کے بال آئلی ہیں تو ہوسکتا ہے کہ آپ کو انہیں روزانہ دھونا پڑے لیکن بہت سے لوگوں کے لیے ایسا کرنا ضروری بھی نہیں ہوتا۔ اگر آپ اپنے بالوں کو دھونے سے متعلق تذبذب کا شکار ہیں تو آپ اپنے سر کی جلد میں خشکی اور جمع ہونے والے کیمیکلز کے علامات کی نشاندہی کرکے بالوں کو دھونے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔

بالوں کے تحفظ کے لیے کونسی مصنوعات استعمال کی جائیں؟

بالوں کے تحفظ کے لیے آپ کونسی مصنوعات استعمال کرتے ہیں، اس کا انحصار صرف آپ کے انتخاب پر نہیں بلکہ اپنے بالوں کی حالت پر بھی ہوتی ہے کیونکہ ان مصنوعات کا تعلق آپ کے بالوں اور سر کی جلد کی صحت سے ہوتا ہے اور آپ ان پروڈکٹس کے انتخاب اور استعمال سے متعلق کسی ماہر سے مشورہ کرسکتے ہیں۔

سام نے اس حوالے سے کہا کہ جب آپ کو اپنے بالوں اور سر کی جلد کی صحت کا اندازہ ہوجاتا ہے تو آپ کے لیے اس مناسبت سے کسی پروڈکٹ کا انتکاب کرنا آسان ہوجاتا ہے کیونکہ آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ اس پروڈکٹ میں شامل اجزا کس طرح کے بالوں یا سر کی جلد پر اثرانداز ہوتے ہیں، جیسا کہ خشک بالوں کے لیے کیراٹین اور کوکونٹ آئل مناسب ہے اور اگر آپ کے بال گھنگریالے ہیں تو آپ کو ایسی پروڈکٹ چاہیے جس میں گلیسرین اور سیڈ آئل شامل ہو، اگر آپ کے بال آئلی ہیں تو آپ کو ٹی ٹری آئل جیسے قدرتی اجزا سے بنی پروڈکٹ لینی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp