اسرائیلی بربریت جاری: اسماعیل ہنیہ نے پوتی بھی کھودی، خاندان کا 15 واں رکن شہید

ہفتہ 11 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 11 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں اب مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی پوتی رؤی ہمام اسماعیل ہنیہ بھی شامل ہوگئیں جنہوں نے جمعے کو ایسے ہی ایک حملے میں جام شہادت نوش کرلیا۔

عرب میڈیا کے مطابق براق اسکول پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والی رؤی ہنیہ اسلامی یونیورسٹی آف غزہ میں میڈیکل کی طالبہ تھیں۔ اس حملے میں اب تک 25 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں اور اسکولوں کے علاوہ اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پوتی کے علاوہ اس سے قبل اسماعیل ہنیہ کے دیگر لخت جگر بھی اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کرچکے ہیں جن میں ان کی بیٹے، بیٹی، پوتے اور پوتیوں سمیت 14 افراد شامل تھے۔ شہدا میں ہنیہ کے ایک بیٹے حافظ قرآن بھی تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کے پاس صرف 2 آپشن ہیں یا تو مر جائیں یا ہتھیار ڈال دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp