پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فوج اور قوم کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کے لیے بڑے منصوبے بنائے گئے، آرمی چیف سے علمائے کرام و مشائخ کی ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا گیا کہ درمیان میں بلٹ پروف شیشہ تھا، ’جھوٹ بولنے والوں پر اللہ کی لعنت ہو‘۔
ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کے دوران ایک ایک فرد سے ہاتھ ملایا، بات سنی اور پیار کیا۔
انہوں نے کہاکہ قوم اور فوج کے درمیان تقسیم پیدا کرنے والے سن لیں کہ جہاں ایسا ہوتا ہے وہ ملک تباہ ہو کر لیبیا، شام اور عراق بن جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں
طاہر اشرفی نے کہاکہ 57 اسلامی ممالک میں سے ایک وطن عزیز پاکستان ہے جس کا سپہ سالار حافظ قرآن اور سیّدزادہ بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے لیے بہت قربانیاں دی گئیں، آج ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ جو سپاہی بارڈر پر کھڑا ہوتا ہے وہ یہ نہیں سوچتا کہ میرے اثاثے کب بنیں گے بلکہ وہ کہتا ہے کہ مجھے شہادت کب نصیب ہو گی۔
چیئرمین علما کونسل نے کہاکہ آرمی چیف نے علمائے کرام و مشائخ سے خطاب کے دوران پاکستان کو ’طیبہ ریاست‘ بنانے کی بات کی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ طیبہ ریاست وہ تھی جو نبی کریم ؐ نے مدینہ میں بنائی، اس کے بعد حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت عمر فاروقؓ، حضرت عثمان غنی ؓ اور حضرت علیؓ نے اس سلسلے کو آگے بڑھایا۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ حسنین کریمین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پیغام دیا کہ اللہ کا کلمہ ہی بلند رہے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ 17 نومبر کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے علمائے کرام و مشائخ عظام کی ملاقات ہوئی تھی جس میں سپہ سالار نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ریاست کے سوا کسی بھی ادارے یا گروہ کی طرف سے طاقت کا استعمال اور مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے۔
آرمی چیف سے علمائے کرام و مشائخ کی اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے علما و مشائخ سے خطاب کے وقت درمیان میں بلٹ پروف شیشہ لگا ہوا تھا جس کی وضاحت سپہ سالار سے ملاقات کرنے والوں نے خود کر دی ہے۔
علامہ طاہر اشرفی کے علاوہ علامہ ضیااللہ شاہ بخاری، مولانا طیب قریشی نے بھی اپنے اپنے بیانات میں وضاحت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر چلنے والے خبروں کو مسترد کیا۔
جھوٹ بولنے والے اللہ کی رحمت سے محروم رہتے ہیں، ضیااللہ شاہ بخاری
علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اور علما و مشائخ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے پر حلفاً انا للہ و انا الیہ راجعون اور لا حول ولا قوة إلا باللہ کے سوا یہی کہہ سکتا ہوں کہ جھوٹ بولنے والے اللہ پاک کی رحمت سے محروم ہوتے ہیں۔
ایسی باتیں وہ لوگ پھیلا رہے ہیں جن کے پیٹ میں مروڑ ہیں، مولانا طیب قریشی
خطیب تاریخی مسجد مہابت خان پشاور مولانا محمد طیب قریشی نے آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈے پر کہا کہ یہ باتیں ان لوگوں کی طرف سے پھیلائی جارہی ہیں جن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ اس بات سے ان کو شرمندگی کا سامنا ہے کہ آرمی چیف سے علما و مشائخ کی ملاقات کیوں ہوئی ہے، یہ پاکستان کے دشمن ہیں جن کو تکلیف ہوئی ہے۔