کورکمانڈر کانفرنس: عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 28 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

افواج پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کوتمام ضروری اور مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانفرنس نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاک فوج ملک میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے میں متعلقہ اداروں کی معاونت کو جاری رکھے گی۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے اعلیٰ فورم (کور کمانڈر کانفرنس) نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ضروری فوجی معاونت فراہم کی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 261 ویں کور کمانڈرز کانفرنس (سی سی سی) کے دوران کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فورم نے یہ نوٹ کیا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ضروری تعاون کی ضرورت ہے جس کے لیے افواج پاکستان اپنا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انتخابات سے قبل کئی سیاسی شخصیات نے خبردار کیا ہے تھا کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں سیکیورٹی کے خطرات لاحق ہیں اور دہشت گردی میں حالیہ اضافے کو دیکھتے ہوئے نے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ الیکشن کے لیے امن و امان کی صورتحال سازگار ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں

لیکن امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے مطالبہ کیا تھا کہ افواج پاکستان کو پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کیا جائے، جس پر فوج اب بظاہر راضی ہوگئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں پڑوسی ملک سے دہشگردوں کی کارروائیاں پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ کانفرنس کے اعلامیے میں پڑوسی ملک سے دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو بھی پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے ریاست بھرپور قوت اور طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

غزہ اور کشمیر

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے میں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی شرکا نے واضح طور پر مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کے زمرے میں آتی ہیں اور اپنے جائز حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کے جذبے کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

افواج پاکستان کے اس اعلیٰ فورم نے فلسطین کے عوام کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔ افواج پاکستان نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازع کے پرامن حل کے حکومت پاکستان کے مطالبے اور مؤقف کی بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp