ایران: قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی کے موقع پر دھماکا، 100 سے زیادہ افراد شہید

بدھ 3 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے جنوبی شہر کرمان میں ایرانی پاسداران انقلاب کے جنرل قاسم سلیمانی کی امریکا کے ہاتھوں شہادت کی چوتھی برسی کے موقع پر ان کے مقبرے کے قریب 2 بم دھماکوں میں 100 سے زیادہ افراد شہید اور بیسیوں زخمی ہوگئے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ قاسم سلیمانی کی برسی کےموقع پر مقبرے میں ہزاروں لوگ موجود تھے، دھماکوں میں 100 سے زیادہ افراد جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سکیورٹی حکام صورتحال کا جائزہ لےکر تحقیقات کر رہے ہیں۔ ایران میں جمعرات کویوم سوگ منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

معاون گورنر کرمان نے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دھماکے دستی بم پھٹنے کے باعث ہوئے۔ دھماکوں کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں

سنہ 2020 میں ایران کے پڑوسی ملک عراق میں امریکی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے جنرل سلیمانی کی یاد میں منعقدہ تقریب کے ایک حصے کے طور پر بدھ کے روز لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد قبر پر جمع تھی۔

قاسم سلیمانی کو ایران میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد سب سے طاقتور شخصیت کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ پاسداران انقلاب کے بیرون ملک آپریشنز بازو قدس فورس کے کمانڈر کی حیثیت سے وہ پورے خطے میں ایرانی پالیسی کے معمار تھے۔

اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2020 میں قاسم سلیمانی کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کے قتل کا حکم دیا تھا۔

دہشتگردی کی کارروائی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی، ایرانی صدر

دریں اثنا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دہشتگردی کی کارروائی کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انہیں سخت سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایران کے دشمنوں کے ایسی کارروائیاں قوم کے عزم میں مزید اضافہ کریں گی۔

دہشتگرد حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، آیت اللہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دہشتگرد حملے پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشتگرد حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ ایران کے دشمنوں نے ایک بار پھر دہشتگردی کی کارروائی کی ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ شہید ہوئے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہاکہ دہشتگرد حملہ کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp