پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری: اسمال انڈسٹریز کا فروغ، بلاول بھٹو نے معاشی منصوبہ پیش کردیا

منگل 16 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی تو ہم مہنگائی اور بیروزگاری کو ختم کریں گے۔

لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب کے دوران عوامی معاشی منصوبہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری عروج پر ہے، ہم اقتدار میں آکر ان مسائل پر قابو پائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 5 سال کے دوران بجلی، پیٹرول سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، آج سے 8 برس قبل 35 ہزار روپے کمانے والا اشیا خرید سکتا تھا مگر آج 70 ہزار کمانے والے کو بھی مشکلات ہیں۔

مزید پڑھیں

انہوں نے کہاکہ ہم نے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے، اس کے علاوہ اسمال انڈسٹریز کے فروغ کے لیے بھی کردار ادا کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں 9 کروڑ 30 لاکھ عوام خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ہم اقتدار میں آکر مہنگائی کو ختم کریں گے، ہر سال تنخواہ میں 8 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کو مزید فعال کریں گے، مزدوروں، کسانوں اور ہاریوں کو بھی کارڈ دیں گے جن سے ان کو فائدہ ملے گا۔

کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ پیپلزپارٹی حکومت میں آکر ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفلے پر عمل کرے گی اور ہم کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، غریبوں کو مالکانہ حقوق پر مکانات بنا کر دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے، اس کے علاوہ صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو اسکول کے لیے وظیفے دیں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ ملک میں 300 یونٹ تک بجلی فری دی جائے گی۔

تمام مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت وسیلہ حق کے ذریعے خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے قرض دے گی، اس کے علاوہ تمام مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے سہولیات مہیا کریں گے، نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے کہ وہ مختلف ہنر سیکھ سکیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کچے کے ڈاکوؤں کو قومی دھارے میں آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ تشدد کو ترک کے ہمارے پاس آ جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp