ملک کے دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبے بھر میں 4178 انتہائی حساس جبکہ 5925 حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور فوج کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
انتخابی تیاریوں کے حوالے سے پشاور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے بتایا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، خیبرپختونخوا میں 15 ہزار696 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، جہاں مجموعی طور پر 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار سے افراداپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 1,19،44383 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 8373799 ہے، مرد ووٹرز کے لیے 4810، خواتین کے لیے 4287 جبکہ 6600 پولنگ اسٹیشنز مشترکہ طور پر بنائے گئے ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے میڈیا کو بتایا کہ ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد پولنگ عملے کی تعیناتی اور تربیت کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، پولنگ مکمل ہونے پر فارم 45پر پریزائڈنگ آفیسر نتائج جاری کریں گے، ای ایم ایس آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے کام کرے گا۔
’قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 713 امیدوار اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 1814 امیدوار اس انتخابی معرکے میں شامل ہیں، الیکشن کے لیے 4کروڑ 54لاکھ 40ہزار بیلٹ پیپرز چھاپےگئے ہیں، پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پاک فوج تعینات کی جائے گی۔‘
صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان کے مطابق الیکشن مہم آج رات ختم ہو جائے گی، انہوں نے ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے 8 فروری کوووٹ دینے کے لیےعوام سے اپنے گھروں سے نکلنے کی اپیل بھی کی ہے، ان کے مطابق برف باری والے علاقوں میں بھی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے قیوم اسٹیدیم، عیدگاہ اور آر او آفس کوہاٹ روڈ میں پشاور کے نتائج کے لیے انتظام کیا گیاہے، ہر ضلع میں بھی اسی طرح کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، انتہائی حساس قرار دیے گئے 4178 اور 5925 حساس پولنگ اسٹیشن میں پولیس اور فوج کو تعینات کیا جائے گا۔