الیکشن کمیشن نے غیر معمولی تاخیر کے بعد قومی اسمبلی کے 264، پنجاب اسمبلی کے 296، سندھ اسمبلی کے 129، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 112 اور بلوچستان اسمبلی کے 51 حلقوں کے غیرحتمی نتائج جاری کر دیے ہیں۔
قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں آزاد امیدوار، پنجاب میں مسلم لیگ ن اور سندھ اور بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آگے ہیں۔
قومی اسمبلی میں 101 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں 101 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، مسلم لیگ(ن) 75 اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز 54 اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17 نشستوں کے ساتھ نمایاں رہیں۔
Related Posts
پاکستان مسلم لیگ 3، جمیعت علما اسلام پاکستان 4، استحکام پاکستان پارٹی 2، بلوچستان نیشنل پارٹی 2، مجلس وحدت مسلمین اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔ این اے 88 میں 26 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی اس کا نتیجہ روک دیا گیا ہے۔ ایک حلقہ این اے 8 میں امیدوار کی وفات کی وجہ سے انتخاب ملتوی کردیا گیا تھا۔
پنجاب اسمبلی میں 138 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب
پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں میں سے 296 نشستوں کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں جب کہ ایک نشست پر امیدوار کی وفات کی وجہ سے پولنگ نہیں ہوئی۔
مسلم لیگ ن کو پنجاب میں 137 نشستیں ملی ہیں جب کہ 138 آزاد امیدوار کامیاب قرارپائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کو 10، پاکستان مسلم لیگ کو 8، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان مسلم لیگ ضیاء اور تحریک لبیک پاکستان کو ایک ایک نشست ملی۔ پی پی 266 رحیم یار خان میں امیدوار کی وفات کی وجہ سے الیکشن ملتوی کر دیے گئے تھے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ سر فہرست
سندھ اسمبلی کی 129 نشستوں کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ سندھ میں پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے 28، آزاد امیدواروں نے 13 جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور جماعت اسلامی پاکستان نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں۔
خیبر پختونخوا میں 90 نشستوں پر آزاد اُمیدوار کامیاب
خیبر پختونخوا اسمبلی کے 112 حلقوں کے نتائج موصول ہوچکے۔2 نشستوں پر الیکشن ملتوی جبکہ ایک کا نتیجہ روک لیاگیا ہے۔ یہاں سے آزاد امیدواروں نے 90 نشستیں حاصل کیں۔ جمیعت علماء اسلام پاکستان نے 7، مسلم لیگ ن نے 5، پاکستان پیپلز پارٹی نے 4، جماعت اسلامی پاکستان نے 2 اور عوامی نیشنل پارٹی نے ایک نشست حاصل کی۔
بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ سر فہرست
بلوچستان اسمبلی کے 51 حلقوں کے نتائج موصول ہوگئے ہیں جن میں سے پاکستان پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ مسلم لیگ ن 10،جمیعت علماء اسلام پاکستان 11، آزاد امیدوار 6، نیشنل پارٹی 3، عوامی نیشنل پارٹی 2، بلوچستان نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی،حق دو تحریک بلوچستان اور جماعت اسلامی پاکستان کو ایک ایک نشست ملی ہے۔