انتخابی نتائج مسترد، اے این پی کا خیبرپختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کا مطالبہ

اتوار 11 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مطالبات نہ ماننے کی صورت میں سڑکوں پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کو عام انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایمل ولی، امیر حیدر خان ہوتی سمیت تمام مرکزی قائدین ہار گئے۔ جبکہ صرف کے پی کی ایک سیٹ حاصل کر سکی۔

باچا خان مرکز پشاور میں اے این کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں عام انتخابات کے نتائج اور پارٹی کی کارکردگی اور خامیوں کا جائزہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد صوبائی صدر ایمل ولی خان کی پریس کانفرنس میں 8 فروری کے عام انتخابات کو تاریخ کے بدترین انتخابات قرار دیا۔

’ نتائج روز اول سے واضح تھے‘

ایمل ولی خان کے مطابق عام انتخابات کے نتائج روز اول سے واضح تھے۔ برملا اعلان کیے جارہے تھے کہ کون وزیراعظم ہوگا۔ پی ٹی آئی کے ان اہم رہنماوں کو بھی ہروایا گیا جو وزیراعلی کے امیدوار سمجھے جاتے تھے۔ اور کے پی میں بلوچستان جیسی کٹھ پتلی اسمبلی قائم کی جارہی ہے۔

پریس کانفرنس میں ایمل ولی نے سخت موقف اپنایا اور کہا کہ ہر طرف سے دھاندلی کی آوازیں رہی ہیں۔ گونگوں اور بہروں کو اسمبلی پہنچایا گیا تاکہ وسائل پر کوئی بات نہ کرسکے۔ ایمل ولی کے مطابق شمالی وزیرستان سے سابق ایم این اے اور امیدوار این اے 40 محسن داوڑ دھاندلی کے خلاف بات کررہے تھے کہ ان پر فائر کیا گیا۔

 مینجنڈ الیکشن، آغاز نیٹ ورک ڈاؤن کرنے سے ہوا

اے این پی رہنما ایمل ولی خان نے 8 فروری کے عام انتخابات کو ’میجنڈ ‘ قرار دیا اور کہا ایکشن مینجمنٹ کا آغاز نیٹ ورک ڈاؤن کرنے سے کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب میں آزاد امیدواروں کو ایک طرح سے ڈیل کیا گیا جبکہ خیبر پختونخوا میں کمپرومائزڈ  آزاد امیدواروں کو جتوایا گیا۔ 8 فروری کے انتخابات کم، سوداگری کا بازار زیادہ لگ رہا تھا۔

’ریاست کے لیے گولیاں کھائیں‘

اے این پی رہنما نے کہا کہ 2024 تک پختونخوا میں قیام امن کے لیے، دہشتگردی کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑے رہے۔ ریاست اور وطن کے لیے گولیاں کھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری غلطی اور غلط فہمی ہے کہ ریاست پختونوں کے لیے کوئی اچھی سوچ رکھے گی۔

آج سے اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کرونگا‘

ایمل ولی نے کہا آج سے اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کرونگا خواہ کسی کو اچھا لگے یا برا، شاید مجھے اینٹی اسٹیٹ بھی قرار دیا جائے۔ الیکشن نتائج کے بعد پارٹی امور پر توجہ ہو گی اور تنظیم سازی جلد از جلد شروع کی جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp