ملک کی 2 بڑی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی استحکام کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی تعاون کرنے پر متفق ہو گئی ہیں، یہ اتفاق رائے انتخابات کے بعد لاہور میں دونوں پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والی پہلی با ضابطہ ملاقات میں طے پایا ہے۔
ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اتوار کو بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں طویل مشاورت کے بعد دونوں جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پراصولی اتفاق رائے طے پا گیا۔
لاہور: صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری، چیئرمین پی
پی پی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بلاول ہاؤس میں ملاقاتپاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں سیاس تعاون پر اصولی اتفاق رائے
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر… pic.twitter.com/j5I8rEea77
— PMLN (@pmln_org) February 11, 2024
ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد یہ دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان پہلی باضابطہ اہم ملاقات تھی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے سیاسی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے، علاوہ ازیں دونوں جماعتوں نے انتخابات کے بعد کی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
Related Posts
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا اس ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھیں گے۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے قائدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھے۔
لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے مسلم لیگ ن کا حکومت سازی کے لئے پہلا باضابطہ رابطہ
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف پاکستان پیپلزپارٹی سے حکومت سازی میں تعاون کیلئے بلاول ہاؤس پہنچ گئے
لاہور: صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور… pic.twitter.com/bFTAo6JOPW
— PPP (@MediaCellPPP) February 11, 2024
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے میڈیا ایکس ہینڈل سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیا کہ حکومت سازی میں تعاون کے حوالے سے ن لیگ کی پیش کش پر کل سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں تبادلہ خیال ہوگا۔