پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سیاسی استحکام کسی جماعت کی نہیں، اس وقت ملک کی ضرورت ہے۔ ریاست کو معاشی خطرات سے بچانے کے لیے سب کا اتحاد ہی تمام مسائل کا حل ہے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے پارٹی رہنما اور سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔ اور اس دوران سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
سردار یوسف سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ لڑائی، نفرت اور انتقام کا نقصان پاکستان اور عوام کو ہوگا۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور عوام کو منڈلاتے ہوئے سنگین خطرات سے بچائیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان اور عوام کی خاطر پہلے کی طرح اب بھی قومی سوچ پر چلیں گے۔
مسلم لیگ ن کو ایک اور کامیابی مل گئی
دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ ن کو بلوچستان میں سے ایک اور کامیابی ملی ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 12 کچھی بولان سے آزاد منتخب ہونے والے رکن میر عاصم کرد گیلو نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے میر عاصم کرد نے ملاقات کے بعد شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
بلوچستان نواز شریف کے دل کے بہت قریب ہے
اس موقع پر شہباز شریف نے کہاکہ بلوچستان نواز شریف کے دل کے بہت قریب ہے، اور گوادر سمیت پورے بلوچستان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں دانش اسکول بنائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیتے ہوئے آئی ٹی اور ہنر سکھا کر زندگی میں کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے نواز شریف پاکستان خاص طور پر بلوچستان کو ترقی کا مرکز بنانا چاہتے ہیں، آپ کی حمایت سے پاکستان اور بلوچستان بھر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔