پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے بنائی گئی کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اکابرین بات چیت کے لیے کمیٹیوں کے درمیان وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مشاورت کے 4 دور مکمل ہو چکے ہیں اور کل بروز پیر دوپہر پانچویں نشست طے ہو چکی ہے، کل کے اجلاس میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
اسلام آباد: 18 فروری
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اکابرین سے درخواست ہے کہ بات چیت کے لئے کمیٹیوں کے درمیان وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں
طے ہوا تھا کہ دونوں…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) February 18, 2024
انہوں نے کہاکہ طے ہوا تھا کہ دونوں جماعتوں کی تشکیل کردہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا کوئی رکن یا رہنما بات چیت کے جاری عمل اور اس میں زیرغور نکات پر بیان بازی نہیں کرے گا۔
مزید پڑھیں
اسحاق ڈار نے بتایا کہ فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے اور مختلف تجاویز پر گزشتہ روز تک مشاورت جاری رہی۔
سابق وزیر خزانہ نے کہاکہ مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا۔ دونوں جماعتوں میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے اعلان کیا تھا کہ ہم وزارت عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دیں گے مگر وزارتیں نہیں لیں گے۔
تاہم اب یہ بات سامنے آگئی ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی وزارتیں لینے پر رضا مند ہو گئی ہے اور ساتھ ہی پنجاب میں بھی حصہ مانگ لیا ہے۔