پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف کے پاس نمبر پورے ہیں تو آئیں حکومت بنا لیں، مگر یہ کہتے ہیں کہ ہم نے فلاں سے بات نہیں کرنی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہاکہ ملک میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی اتحادی حکومت بنے گی اور چلے گی بھی۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ہم پارٹی کے بجائے ملکی مفاد کے لیے حکومت کرنے کے لیے تیار ہیں، ملکی سلامتی کا تقاضا بھی یہی ہے کہ حکومت کی تشکیل جلد ہو۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ بغیر حکومت کے معاملات آگے نہیں چل سکتے، سیاسی طور پر نظر آ رہا ہے کہ اتحادی حکومت بننے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2018 میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، جبکہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے خلاف کمیشن بھی بنایا گیا تھا مگر ایک شخص نے اس کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے دھرنوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
واضح رہے کہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کوئی بھی پارٹی سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جس کے بعد حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادیوں نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے سینیئر رہنما عمر ایوب کو سامنے لایا گیا ہے۔
تحریک انصاف نے اپنا دوٹوک موقف سامنے رکھتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف جسٹس کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔