عارف علوی کا شہباز شریف سے حلف:’اس بار دانت میں درد نہیں ہوا‘؟

پیر 4 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے 24ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا ہے۔ صدرِ مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کرکے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے جب کہ ان کے مدمقابل امیدوار عمر ایوب خان نے 92 ووٹ حاصل کیے تھے۔

شہباز شریف کے حلف لینے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کے دلچسپ تبصرے جاری ہیں، چند صارفین نے سوال کیا کہ حلف لینے کے بعد شہباز شریف ایکس (سابق ٹوئٹر) کھولنے کا حکم دیں گے یا یو ٹیوب بند کرنے کا؟ وہیں بعض صارفین عارف علوی کو آڑے ہاتھوں لیتے نظر آئے کہ اس بار عارف علوی بیمار نہیں ہوئے اور انہوں نے شہباز شریف سے آرام سے حلف لے لیا۔

ایک صارف نے شہباز شریف اور عارف علوی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ صدر علوی وزیراعظم شہباز شریف سے اچھے بچے کے طرح حلف لیتے ہوئے۔

رحیم خان لکھتے ہیں کہ بالآخر عارف علوی نے شہباز شریف سے حلف لے لیا ’اس بار دانت میں درد نہیں ہوا‘؟

ن لیگ کے حامی صارف پرویز سندھیلہ نے شہباز شریف کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا دیکھو دیکھو کون آیا، اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ حلف عارف علوی نے ہی لیا ہے۔

ایشا شاہ لکھتی ہیں کہ صدرعارف علوی نے کوئی اچھا کام نہیں کیا عمران خان کے متعلق نہ اس کو رہا کروایا نہ ان کا ساتھ دیا لیکن حلف لینے ایسے پہنچے ہوئے ہیں جیسے سب کام انہی نے کروائے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد گیارہ اپریل دو ہزار بائیس کو شہباز شریف نئے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے اور اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صدر مملکت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘صدر ڈاکٹر عارف علوی علیل ہوگئے ہیں، ڈاکٹروں نے طبی جائزہ لیا اور انہیں چند روز آرام کا مشورہ دے دیا ہے’۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp