پاکستان کے ساتھ ٹی۔20 سیریز سے قبل سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے پاکستان کے دورے پر آئے نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی وفد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ مکمل کر لیا ہے، جب کہ لاہور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ آج منگل کو مکمل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اور پاکستان کے درمیان ٹی۔ 20 کرکٹ سیریز سے قبل پیر کو پاکستان کے دورے پر نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی وفد جس میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے سی ای او ہیتھ ملز اور سیکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن بھی شامل ہیں، نے پیر کی رات راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سیکیورٹی حکام نے بریفنگ دی۔ جس کے بعد نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی وفد آج منگل کو سہ پہر لاہور قذافی اسٹیڈیم کا معائینہ کرے گا۔ نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی وفد میں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے 2 ارکان اور ایک آزاد سیکیورٹی ماہر شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ (این زیڈ سی)کا سیکیورٹی وفد پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے اپریل میں ہونے والے کیوی ٹیم کے دورے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 3 مارچ کو پاکستان پہنچا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وفد میچ کے مقامات، ہوٹلوں کا دورہ کرے گا جہاں ٹیمیں قیام کریں گی اور مہمانوں کے لیے سیکیورٹی پلان پر حکومت اور سیکیورٹی حکام سے بریفنگ بھی حاصل کرے گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ستمبر 2021 میں پاکستان میں وائٹ بال سیریز کا کوئی میچ کھیلے بغیر وطن واپس چلی گئی تھی۔