پنجاب کلچر ڈے کی مناسبت سے تقریبات اور اسٹال سجانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اس حوالے سے پنجاب بھر میں ثقافتی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے جس سے مختلف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
پنجاب کلچر ڈے کی مناسبت سے ہفتہ کے روز شالیمار باغ میں والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام پنجاب کلچر ڈے پر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اسی طرح الحمرا میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر تقریب کے دوران خواتین فنکاروں نے بھی اسٹیج پرثقافتی ڈانس کر کے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ہفتہ کے روز مشہور لوک گلوکارعارف لوہارنے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ الحمرا میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر تقریب کے دوران سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور لوگوں سے داد حاصل کی۔
واضح رہے کہ پنجابی کلچر ڈے 14 مارچ کومنایا جائے گا، کلچر ڈے کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی صوبہ بھر میں مقامی ثقافت، کھانے، لباس، دستکاری، فنون لطیفہ، روایتی کھیل، زرعی ومقامی مصنوعات کواجاگر کیاجائے گا۔
پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر رنگا رنگ کلچرل پروگرام،گھڑ ڈانس، ڈھول جھومر سمیت مختلف ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔ اسکولوں میں14مارچ کو ہونے والے کلچر ڈے میں پنجاب کے روایتی کھیلوں میں ٹائر ریس، شٹاپو، پٹھو گرم، کوکلا چھپاکی،کبڈی، لڈی، بھنگڑا، چمٹا قوالی اور پنجاب کے دیگر ثقافتی کھیل کھیلے جائیں گے اور ثقافتی لباس پہنے جائیں گے۔