اتحاد ایئرویز کا ہزاروں غیرملکی بھرتی کرنے کا اعلان

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اتحاد ایئرویز اپنے بیڑے میں 15 مزید طیارے شامل کرنے جا رہا ہے جس کے لیے کمپنی نے ہزاروں غیر ملکی بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فضائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اینٹونوالڈو نیویس کے اعلان کے مطابق بھرتی اور تربیت کے مرحلہ اس سال کے وسط میں عمل میں لایاجائے گا تاکہ بیڑے کی توسیع کے لیے ایئر لائن کی آپریشنل صلاحیتوں کو تقویت دی جائے۔

اتحاد ایئرویز کا مقصد پروازوں اور منزلوں کی تعداد میں اضافہ کرکے اپنی خدمات کو بڑھانا ہے۔ اس فیصلے سے مسافروں کی آمدورفت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ایئر لائن نے سنہ 2023 کے لیے اپنے مالیاتی اعدادوشمار ظاہر کیے جن کے مطابق کمپنی کو 20.3 بلین درہم کی آمدنی اور 525 ملین درہم کا خالص منافع ہوا۔ اس کارکردگی کی وجہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مسافروں کی آمدنی میں 4 بلین درہم کا اضافہ ہے۔

سنہ 2022 میں مسافروں کی تعداد 10 ملین سے بڑھ کر سنہ 2030 تک 30 ملین سے زیادہ ہونے کا ہدف رکھا گیا ہے اور بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اضافی طیاروں کے بروقت حصول کی کوشش کی جارہی ہے۔

اتحاد ایئرویز کے سی ای او نے صرف سنہ 2024 میں 25 سے 30 فیصد اضافے کی پیش گوئی کی ہے اور اگر بیڑے کی توسیع منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھی تو 17 ملین مسافروں کی نقل و حمل ممکن ہوجائے گی۔

نیشنل ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ پر ایئرلائن کی توجہ کا ایک مختصر ذکر کرتے ہوئے نیویس نے عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آنے والے سالوں میں ایئر لائن میں اماراتی پائلٹس کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرنے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp