فیصل مسجد میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن فیس 5 ہزار روپے مقرر

منگل 12 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رمضان المبارک کے تیسرے عشرے میں دنیا بھر میں مسلمان اعتکاف کرتے ہیں۔ اور مسجد میں اعتکاف کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں

پاکستان میں گلی محلوں کی مساجد سے لے کر شہروں کی بڑی بڑی مساجد میں بھی لوگ اعتکاف کرتے ہیں، تاہم کچھ مساجد ایسی بھی ہیں جہاں اعتکاف کرنے کے لیے پہلے درخواست دینا پڑتی ہے، اور فائنل لسٹ میں نام آنے کی صورت میں ہی اعتکاف کی اجازت ملتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم مشہور فیصل مسجد میں بھی اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کرانا پڑتی ہے۔

درخواست فارم کا عکس

رواں برس رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر 300 افراد فیصل مسجد میں معتکف ہوں گے۔ اعتکاف کے لیے فیصل مسجد انتظامیہ نے درخواستیں طلب کر لیں۔

انتظامیہ نے بتایا کہ درخواستوں کی وصولی 10 رمضان المبارک تک جاری رہے گی۔ جبکہ درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔

انتظامیہ کے مطابق درخواست فیصل مسجد اسلامک سینٹر کے دفتر سے تحریری فارم حاصل کرکے دی جا سکتی ہے۔ جبکہ درخواست کے ہمراہ 5 ہزار روپے فیس جمع کرانا ہوگی جو ناقابل واپسی ہوگی۔

کتنی سال تک کی عمر کے لوگ اعتکاف بیٹھ سکیں گے؟

انتظامیہ نے مزید بتایا کہ درخواست کے ہمراہ 2 پاسپورٹ سائز تصاویر اور شناختی کارڈ کی کاپی جمع کرانا ہوگی۔

انتظامیہ کے مطابق اعتکاف میں بیٹھنے والے افراد کو سحری اور افطاری کا انتظام خود کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 60 برس تک کی عمر کے افراد اعتکاف میں بیٹھ سکتے ہیں۔ اعتکاف کے لیے 20 رمضان المبارک کو افطار سے پہلے پہنچنا ضروری ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق اعتکاف بیٹھنے کے لیے فیصل مسجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp