پشاور میں مشہور کپتان چپل بنانے والے چچا نور دین نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عید کے موقع پر چپل پیش کرنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار قیدی نمر 804 کے نام سے نیلے اور سفید رنگ کی سینڈل تیار کی ہے جسے وہ موقع پاکر سابق وزیراعظم کی خدمت میں پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چچا نوردین کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت محنت کر کے 25 ہزار روپے کی لاگت سے چپل کی یہ جوڑی تیار کی ہے اور وہ عمران خان کی رہائی کے بعد انہیں یہ چپل تحفے کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔
چچا نوردین کا کہنا تھا کہ انہیں 3 ماہ پہلے خیال آیا تھا کہ اس بار عمران خان کو چپل کا نایاب تحفہ پیش کریں گے تاہم جیل سے رہائی نہ ملنے کے باعث انہوں نے عمران خان کی محبت میں قیدی نمبر 804 کے نام پر چپل تیار کی۔
انہوں نے بتایا اگر انہیں عمران خان کو جیل میں ملنے کی اجازت ملی تو وہ یہ چپل ان کو جیل میں پیش کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے چاہنے والے ان کی دکان سے 7 ہزار روپے میں قیدی نمبر 804 چپل حاصل کر سکتے ہیں۔