معروف بالی ووڈ اداکارہ جنہوں نے 90 کی دہائی میں پردے پر سلمان خان، سنی دیول جیسے بڑے اسٹارز کے ساتھ رومانس کیا تھا، ان کی مسکراہٹ پر کروڑوں لوگ آج بھی دل ہار بیٹھتے ہیں، لیکن اداکارہ کا اپنا دل ان 34 بچوں کے لیے دھڑکتا ہے جن کی وہ شادی سے پہلے ہی ماں بن گئی تھیں۔
آئی پی ایل شروع ہوتے ہی ایک بالی ووڈ اداکارہ کا نام پھر سرخیوں میں ہے، وہ کئی سالوں سے اپنی آئی پی ایل ٹیم (پنجاب کنگز) کو سنبھال رہی ہیں۔ وہ آئی پی ایل کی گلیمر گرل ہیں لیکن ان کی چُلبُلی طبیعت اور خوش مزاج چہرے کے پیچھے ایک حساس ماں ہے، جو آئی پی ایل ٹیم کے ساتھ ساتھ اپنے 34 درجن بچوں کی بھی دیکھ بھال کر رہی ہیں، جو شادی سے پہلے ہی ان کی زندگی کا حصہ بن گئے تھے۔
بات ہو رہی ہے ڈمپل گرل پریتی زنٹا کی، جنہوں نے بزنس مین جین گوڈ اینف سے شادی کے بعد ماں بننے کے لیے سروگیسی کا راستہ اختیار کیا اور جڑواں بچوں کی ماں بنیں۔ تاہم شادی سے پہلے وہ 34 یتیم اور غریب بچوں کی ماں کی ذمہ داری نبھا رہی تھیں۔
فلموں کے ساتھ ساتھ پریتی زنٹا خواتین اور بچوں کی بہتری کے لیے بھی کام کرتی رہی ہیں۔ وہ نیک کام میں کئی اداروں کی شراکت دار ہیں۔ اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو وہ ان 34 بچوں کی رہائش، خوراک اور تعلیم سمیت سبھی ضروریات کا خیال رکھتی ہیں جنہیں انہوں نے 2009 میں گود لیا تھا۔
پریتی زنٹا کو ہمیشہ ہنستے ہوئے دیکھا جاتا ہے، لیکن اپنی مسکراہٹ کے پیچھے وہ اس درد کو چھپا لیتی ہیں جس کا انہوں نے اپنی جوانی میں سامنا کیا تھا۔ دراصل جب وہ صرف 13 سال کی تھیں تو ان کے سر سے والد کا سایہ اٹھ گیا تھا، وہ اپنے والد کو کھونے کے غم سے ابھی تک سنبھل بھی نہیں پائی تھی کہ دو سال بعد ان کی ماں بھی چل بسی تھیں۔
پریتی زنٹا کو تب احساس ہوا کہ والدین کے بغیر زندگی کتنی مشکل ہو سکتی ہے،انہوں نے ان بچوں کا درد محسوس کیا جو یتیم تھے اور ان کے آگے پیچھے کوئی نہیں تھا۔
49 سالہ پریتی زنٹا نے خود کو ان بچوں کے قریب پایا، وہ 34 بچیوں کو گود لینے کے فیصلے کو درست سمجھتی ہیں۔
اداکارہ فلم ‘لاہور 1947’ سے بڑے پردے پر واپسی کریں گی، جس میں وہ سنی دیول کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، ان کی مشہور فلموں میں دل سے، سولجر، کیا کہنا، چوری چوری چپکے چپکے، کل ہو نہ ہو، کوئی مل گیا اور کبھی الوداع نہ کہنا شامل ہیں۔