بیٹری کے بعد اب موبائل فون بنانے والی چینی کمپنی بھی پنجے جھاڑ کر ٹیسلا کے پیچھے پڑگئی

جمعہ 29 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکا کی سب سے بڑی کمپنی ٹیسلا کو جہاں مارکیٹ میں چین کی کمپنی بی وائی ڈی کے ہاتھوں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑرہا تھا وہیں اب اسے اسمارٹ فون بنانے والی چینی کمپنی شاؤمی سے بھی خطرہ درپیش ہوگیا جس نے اپنی پہلی الیکٹرک کار متعارف کرادی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی شاؤمی نے اپنی پہلی ای وی (الیکٹرک گاڑی) لانچ کر دی ہے اور اسے آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں 50 ہزار آرڈر بھی مل گئے۔

گاڑی کی لانچنگ تقریب میں ٹیکنالوجی کمپنی چیف ایگزیکٹو لی جون نے کہا کہ معیاری ایس یو 7 ماڈل گاڑٰی کی قیمت 215,900 یوآن (یعنی 29 ہزار 872 امریکی ڈالر) اور میکس ورژن کی قیمت 299,900 یوآن ہوگی۔

فرم کا کہنا ہے کہ اسے فروخت کے پہلے 27 منٹ کے اندر ہی 50 ہزار سے زیادہ آرڈر مل گئے۔

الیکٹرک کاروں کی مارکیٹ میں شاؤمی کی انٹری اس وقت ہوئی جب عالمی سطح پر فروخت میں اضافہ سست ہو گیا ہے اور کمپنیوں کے مابین قیمتوں کی جنگ شروع ہو گئی ہے۔

اپنی گاڑیوں کی قیمتیں کم رکھنے کے لحاظ سے یوں شاؤمی اب ٹیسلا اور بی وائی ڈی سمیت دیگر ای وی حریفوں کے مقابلے پر آگئی ہے۔ چین میں ٹیسلا کی ماڈل 3 کی ابتدائی قیمت 245,900 یوآن ہے۔

لی جون نے یہ بھی کہا کہ پورش کی ٹیکین اور پنامیرا  ماڈلز کے مقابلے کی ایس یو 7 کی کم از کم رینج 700 کلومیٹر ہوگی جو 567 کلومیٹر والی رینج کی ٹیسلا ماڈل 3 کو پیچھے چھوڑ دے گی۔

فرم امید کر رہی ہے کہ اس کے فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر آلات کے ساتھ ایس یو 7 کا مشترکہ آپریٹنگ سسٹم موجودہ صارفین کو پسند آئے گا۔

ریسرچ فرم کاؤنٹرپوائنٹ کے مطابق شاؤمی تقریباً 12 فیصد کے مارکیٹ شیئر کے ساتھ دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کی تیسری سب سے بڑی فروخت کنندہ ہے۔

شاؤمی ایس یو 7 کو بیجنگ کے ایک پلانٹ میں سرکاری کار ساز کمپنی بی اے آئی سی گروپ کے ایک یونٹ کے ذریعے بنائے گی جہاں ایک سال میں 2 لاکھ گاڑیاں تیار کی جاسکتی ہیں۔

آٹو موبیلیٹی کے بل روسو نے میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ اتنا حاصل کرنا بذات خود ایک بڑی کامیابی قاور شاؤمی ایک اسمارٹ ای وی  برانڈ کے طور پر صارفین کی مارکیٹ موجود ہے۔

الیکٹرک کاریں بنانے کی خواہشمند ٹیکنالوجی فرموں کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی میں، آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل نے گزشتہ ماہ مبینہ طور پر ای وی بنانے کا اپنا منصوبہ منسوخ کر دیا تھا۔

روسو نے مزید کہا کہشاؤمی کا کار مارکیٹ میں داخلہ چین میں اپنے برانڈ کی مطابقت میں اس کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے جبکہ ایپل میں چین سے باہر ای وی مارکیٹ میں اپنا مقام ثابت کرنے کی استطاعت نہیں۔

شاؤمی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے 10 سالوں میں اپنی گاڑیوں کے کاروبار میں 10 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

ریسرچ فرم رسٹاڈ انرجی کے ابھیشیک مرلی نے کہا کہ چینی ای وی مارکیٹ بہت پختہ ہے اور ای وی مینوفیکچررز کے لیے ایک بہت مستحکم ماحولیاتی نظام فراہم کرتی ہے۔

مثال کے طور پر بیٹری سپلائی میں چین بہت مضبوط ہے اور ملک میں چارجنگ نیٹ ورک بھی بڑھتی ہوئی  ای وی فیڈ کو پورا کرنے کے لیے بڑھ رہا ہے۔

شاؤمی کی پہلی کار کا آغاز ایسے وقت ہوا جب چین کی  ای وی مارکیٹ میں قیمتوں کی جنگ تیز ہوتی جا رہی ہے۔

ٹیسلا جس کی سربراہی ارب پتی ایلون مسک کر رہے ہیں نے حالیہ مہینوں میں چین میں اپنی کاروں کی قیمتوں میں ہزاروں ڈالر کی کمی کی ہے کیونکہ مقامی حریفوں جیسے دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ای وی گاڑی بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے قیمتیں کم رکھی ہیں۔

اس ہفتے کے آغاز میں چینی کمپنی بی وائی ڈٰی نے ریکارڈ سالانہ منافع حاصل کیا تھا۔

یاد رہے کہ سنہ 2023 کی چوتھی سہ ماہی میں بی وائی ڈٰی نے بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں اپنی امریکی حریف سے زیادہ فروخت کرتے ہوئے اس کا اس میدان میں دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہونے کا اعزاز چھین لیا۔ وانگ چوان فو کی قائم کردہ بی وائی ڈٰی نے سنہ 1990 کی دہائی میں موبائل فون کے لیے بیٹریاں بنانا شروع کیں۔ سنہ 2003 تک کمپنی نے آٹوز پر توجہ مرکوز کر لی تھی اور اس کے بعد سے یہ چین میں سب سے بڑا کار برانڈ بن گئی۔ اس کے ساتھ یہ ای وی بیٹریاں بنانے والی بھی ایک بڑی کمپنی ہے۔

ٹیسلا پہلے ہی بی وائی ڈی کے ہاتھوں پریشان تھی اور اب اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی شاؤمی بھی اس کے دانت کھٹے کرنے میدان میں آچکی ہے۔

امریکی ای وی کمپنی ٹیسلا اگلے ہفتے سنہ 2024 کے پہلے 3 مہینوں کے لیے اپنے ڈیلیوری اعدادوشمار کا اعلان کرنے والی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہی وقت میں دنیا بھر کی حکومتیں غیر ملکی ساختہ ای وی کی درآمد کے خلاف پیچھے ہٹ رہی ہیں۔

دریں اثنا یورپی یونین نے اس بات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کہ آیا چینی حکومت کی سبسڈیز نے ملک کے الیکٹرک کار سازوں کو یورپی ساختہ ماڈلز کو کم کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp