پاکستان سے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ متعدد بار کہہ چکے ہیں، امریکا اور پاکستان کے درمیان سکیورٹی پارٹنرشپ کو وسعت دیتے رہیں گے، یہ ہمارے لیے ایک ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان میں قانون کے مطابق ہر ایک کے ساتھ یکساں برتاؤ دیکھنے کے خواہاں ہیں، یہ بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ ہم دنیا میں ہر جگہ آئین کی حکمرانی کی حمایت کرتے ہیں۔
طالبان کو اقوام متحدہ کی طرف سے امداد کے معاملے پر امریکی ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ شراکت داروں سے کہتے ہیں کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ افغانستان میں امداد ان لوگوں تک پہنچے جو ضرورت مند ہیں، ہم اس کی نگرانی کرتے رہتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا بھارت میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری سمیت کانگریس کے الزمات کا بھی قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔
’ہم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی بھی آزادانہ تحقیقات چاہتے ہیں۔‘
واشنگٹن میں اپنی پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ’ہم نے بھارتی حکومت پر واضح کردیا ہے کہ ہم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی مکمل تحقیقات چاہتے ہیں اور اس حوالے سے نتائج کا انتظار کررہے ہیںْ۔‘
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ اس سے قبل یکم اپریل کو ایک سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا ’ہم بھارت میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری سمیت ان کارروائیوں کی قریب سے پیروی کررہے ہیں، بھارت کی اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے ان الزامات سے بھی واقف ہیں کہ ٹیکس حکام نے ان کے کچھ بینک کھاتوں کو اس انداز میں منجمد کر دیا ہے کہ آنے والے انتخابات میں مؤثر طریقے سے مہم چلانا مشکل ہو جائے گا۔‘