پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے ساتھ ہی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کل بروز بدھ عیدالفطر کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پوری قوم عیدالفطر روایتی جوش و خروش سے منائے گی۔ عید کے اس موقع پر صدرپاکستان اور وزیراعظم پاکستان سمیت متعدد اعلیٰ شخصیات نے قوم کے نام پیغامات عید جاری کیے ہیں۔
عید رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے، وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید، ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے۔ عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
عید الفطر کا دن خوشحال مستقبل کے لئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے، صدر آصف زرداری
قوم سے اپیل ہے کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجودمعاشی طور پر کمزورلوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثاروقربانی کا دن ہے، یہ دن ہمیں بحیثیت قوم رکاوٹوں کو دور کرنے، ضرورت مندوں کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھانے اور سب کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کے لئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
عید الفطر کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ عیدالفطر کے اس پُرمسرت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مبارک دن ہمارے لئے ڈھیروں برکتیں، خوشیاں ، امن اور سلامتی لائے۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عیدالفطر کے موقع پر پیغامات
مزید پڑھیں
عیدالفطر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سیّد غلام مصطفیٰ شاہ نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشی اور تشکر کا دن ہے، ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزہ رکھنے، عبادت کرنے کی توفیق اور بے سہارا اور حاجت مندوں کی مدد کرنے کا موقع عطا فرمایا، عید کا دن ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے تاہم اس کی حقیقی خوشی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ہم معاشرے کے بے سہارا ، ضرورت مند، متوسط طبقات اور خصوصی افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
عیدالفطر ہمدردی اور اتحاد کا ایک اچھا موقع ہے،اعظم نذیر تارڑ
عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں پر مسرت دن پر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے میں کہا ہے کہ عیدالفطر صرف خوشیاں منانے کا ہی دن نہیں، ہمدردی، اتحاد، خیرات کرنے کا ایک اچھا موقع بھی ہے، فلسطین، غزہ میں اسرائیلی افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھیں۔
عید کا چاند، رمضان المبارک میں عبادتوں کے انعام کی نوید ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹرمحسن نقوی نے عیدالفطر پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا چاند، رمضان المبارک میں عبادتوں کے انعام کی نوید ہے،عید الفطر اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں کیلئے خاص انعام ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عید الفطر عام آدمی کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے،دوسروں کا احساس کرنا ہی اسلام کی بنیاد ہے۔اپنی خوشیوں میں نادار لوگوں کو بھی یاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ چاند رات پر غرباء اور مساکین کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔