عید کے بعد پی ٹی آئی کی احتجاجی حکمت عملی کیا ہوگی؟

ہفتہ 13 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے عید کے بعد ملک بھر میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور ججز کی جانب سے ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت کے خط سے متعلق احتجاجی جلسے اور ریلیوں کا شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس 12 اپریل کو بلوچستان میں منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل، جے یو آئی ف، پی کے میپ، مجلس وحدت المسلمین اور جماعت اسلامی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے گرینڈ الائنس کا اعلان عید کے بعد کیا جائے گا۔

اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے تحت ملک بھر میں احتجاجی جلسے شیڈول کیے جائیں گے جبکہ مخلتف بار ایسوسی ایشنز کو بھی اس حوالے سے متحرک کرنے کا پلان زیر غور ہے۔

پاکستان تحریک انصاف گرینڈ الائنس کے علاوہ انفرادی طور پر بھی جلسوں کا انعقاد کرے گی۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں جلسوں کی تیاریوں اور میزبانی پی ٹی آئی کرے گی جبکہ الائنس میں شامل تمام جماعتوں کو جلسوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

دوسری جانب اندرون سندھ میں جے یو آئی جلسوں کی میزبانی کرے گی، بلوچستان میں پی کے میپ اور جے یو آئی ف مشترکہ طور پر جلسوں کا انعقاد کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اپریل کے وسط سے جلسوں کے سلسلے کا آغاز ہو جائے گا جو کہ جون تک جاری رہے گا۔

پی ٹی آئی کے زیر اہتمام پہلا جلسہ راولپنڈی جبکہ دوسرا جلسہ کراچی میں کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی جلسوں کا اعلان کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp