کسانوں کے لیے 4 ماہ کے اندر 400 ارب روپے کا پیکیج متعارف کرائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 16 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کے لیے 4 مہینے کے اندر 400 ارب روپے کا تاریخی پیکیج متعارف کرا دے گی۔

پھول نگر میں رورل اسپتال کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسان کو ایک فصل کے لیے کسان کارڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب کسان کو ڈیڑھ لاکھ روپے ملیں گے تو اسے آرھتی یا مڈل مین کے ہاتھوں ذلیل و خواز نہیں ہونا پڑے گا اور نہ ہی اسے کھاد، بیج وغیرہ خریدنے کے لیے قرض اور سود چکانا پڑے گا۔

جو پیکیج کسانوں کے لیے لایا جا رہا ہے پاکستان کی تاریخ میں کسانوں کو اتنا بڑا پیکیج نہیں ملا۔ انہوں نے کہا مشینری نہ ہونے کے باعث کسان کا نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مشینری بھی آسان قرضوں پر فراہم کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں 300 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 2500 بنیادی مراکز صحت کو نیا بنا رہے ہیں اور نئی سہولیات لے کر آ رہے ہیں۔

آئندہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام اسپتالوں کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے، جہاں ڈاکٹرز اور نرسوں کی کمی ہے، وہاں یہ کمی دور کی جارہی ہے، جہاں دل کے علاج کی سہولت نہیں وہاں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینرز میں فیلڈ اسپتال بنا کر پنجاب کے تمام دیہی علاقوں میں بھیج دیے ہیں، 200 کلینکس آن وہیلز اور ایمبولینسز آپ کی دہلیز پر پہلے ہی بھیج رہے ہیں، صرف گزشتہ روز 30 ہزار لوگوں کا علاج کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے تمام اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت دستیاب ہوگی، مریضوں کو 2 ماہ کی دوائیں دی جارہی ہیں جن میں دل کے امراض، ٹی بی، ہیپاٹائیٹس کی دوائیں شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp