گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے۔ یہ محض الفاظ نہیں درحقیقت ہر پاکستانی کے جذبات اور احساسات ہیں جس کی بنیادی وجہ 7 دہائیوں پر مبنی وہ باہمی تعلق ہے جس نے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب کیا اور پھر یہ دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا۔
پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنا ونڈو میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 73 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ برادر ہمسایہ ملک چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان بھی کبھی پیچھے نہیں رہا۔ آج اگرچہ ہم مشکل معاشی صورت حال سے دوچار ہیں لیکن چین نے سی پیک کے طور جو معاشی منصوبہ شروع کیا ہے یقینی طور پر اس سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام بخشے گا۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان کے پشاور میں تعینات قونصل جنرلزاور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
گورنر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط کیے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ انہوں نے پاک چین دوستی سے متعلق ویڈیو کا باضابطہ افتتاح اور 73 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں کامیابیوں کا ہمسفر تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاک چین دوستی کو ہمیشہ انتہائی اہم سمجھا اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تر قی کے لیے عملی اقدامات کیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 4 جون سے چین کا دورہ کریں گے اور سی پیک کے دوسرے فیز پر تیزی سے کام کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
گورنر نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ رشکئی اکنامک زون میں نا صرف غیر ملکی بلکہ پاکستانی سرمایہ کار بھی دلچسپی لیں گے اوریہاں لگنے والے کارخانے برآمدات اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے سمیت لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا باعث ہوں گے۔
پاک چین دوستی کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 73 سال ہوگئے ہیں۔ اس سارے عرصہ میں دونوں ممالک کی حکومتوں اور خاص طور عوام کے درمیان دوستی باعث فخر رہی۔ چین نے ہمیشہ ہمیں اپنوں سے بڑھ کر چاہا اور پاکستان نے بھی چین سے اپنی دوستی کا حق ادا کیا ہے۔ اس کا ایک ثبوت آج کی یہ تقریب بھی ہے، اس قسم کی تقریبات سارے ملک میں منعقد ہوں گی لیکن چائنہ ونڈو نے سب سے پہلے تقریب منعقد کرکے نہ صرف پشاور کے عوام بلکہ اہل خیبر پختونخوا کی جانب سے اپنے چینی بہن بھائیوں کو دوستی مزید مستحکم کرنے کا پیغام بھیجا ہے۔
گورنر نے وفاقی حکومت کی جانب سے اہل چین کو دوستی کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے عوام مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے رہیں گے۔
انہوں نے چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی کا ایک اہم مرکز قرار دیا اور کہاکہ وفاقی حکومت چائنہ ونڈو کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔
قبل ازیں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ مئی کا مہینہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کا مہینہ ہوتا ہے اس بار ہم اپنے تعلقات کی 73 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔